1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوہل کی آخری رسومات: دعائیہ عبادات فرانس اور جرمنی میں ہونگی

عابد حسین
18 جون 2017

جرمنی کے سابق چانسلر ہیلموٹ کوہل کی تدفین کے سلسلے کی آخری دعائیہ عبادت جرمن شہر سپائر میں ہو گی۔ سولہ برس چانسلر رہنے والے کوہل جمعہ سولہ جون کو انتقال کر گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/2esoW
Altbundeskanzler Helmut Kohl
تصویر: picture-alliance/dpa/T. Brakemeier

جرمن اخبار بلد اَم زونٹاگ کے مطابق ہیلموٹ کوہل کی آخری رسومات کی ادائیگی سے قبل فرانسیسی شہر اسٹراسبرگ اور اُن کے آبائی صوبے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے شہر سپائر میں خصوصی دعائیہ عبادات کا اہتمام کیا جائے گا۔

 اسٹراسبرگ میں موجود یورپی پارلیمنٹ میں منعقد ہونے والی دعائیہ تقریب کو ’یورپی سروس‘ کا خصوصی نام دیا گیا ہے۔ اس طرح ہیلموٹ کوہل کو براعظم یورپ کے استحکام کے لیے کی جانے والی ان کی خدمات کے اعتراف میں خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔

یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر کا کہنا ہے کہ یورپی ریاستی قانون کے تحت ہیلموٹ کوہل کی آخری رسومات تمام سرکاری اعزازات کے ساتھ مکمل کی جائیں گی۔ یہ امر اہم ہے کہ کوہل کو براعظم یورپ کی اعزازی شہریت سے بھی نوزا گیا تھا۔ ینکر نے یہ بھی کہا کہ وہ اِس آخری رسومات کے عمل کی خود نگرانی کریں گے۔ بلڈ اَم زونٹاگ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے یورپی کمیشن کے سربراہ نے  رحلت پا جانے والے بلند پایہ جرمن سیاستدان کوایک مرتبہ پھر شاندار الفاظ میں یاد کیا۔

Kaiserdom zu Speyer 039
کوہل کی آخری رسومات کی ایک دعائیہ تقریب سپائر کے مشہور کیتھڈرل میں منعقد کی جائے گیتصویر: DW/Maksim Nelioubin

اس عبادت کے بعد کوہل کے تابوت کو دریائے رائن کے ذریعے اسٹراس برگ سے رائن لینڈ پلاٹینیٹ کے شہر اسپائر منتقل کیا جائے گا۔ اسپائر کے مشہور کیتھڈرل میں ایک بڑی دعائیہ تقریب منعقد کی جائے گی۔ رومن کیتھولک عقیدے کے مطابق ہونے والی دعائیہ سروس میں عام لوگ بھی شریک ہو سکیں گے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ان دونوں مذہبی تقریبات میں یورپ کی اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

تدفین کے موقع سے قبل کی آخری مذہبی تقریب انتہائی نجی رکھی گئی ہے اور اُس میں اُن کے خاندان اور قریبی دوست و احباب ہی شریک ہوں گے۔ یہ بھی اسپائر کے ایک چھوٹے چرچ میں ہو گی۔ اس وقت ہیلموٹ کوہل کی نعش سرکاری اعزاز کے ساتھ جرمن شہر لڈوِگ ہافن اوگرشائیم میں رکھی ہوئی ہے۔