1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کينيا ميں خونريز ٹريفک حادثہ، درجنوں افراد ہلاک

عاصم سلیم
31 دسمبر 2017

افريقی ملک کينيا ميں ہونے والے ايک ٹريفک حادثے ميں کم از کم چھتيس افراد ہلاک اور سولہ ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ اس افريقی رياست ميں سالانہ بنيادوں پر قريب تين ہزار افراد ايسے ہی حادثات ميں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بيٹھتے ہيں۔

https://p.dw.com/p/2q9pH
Karte Map Kenya mit Region Turkana ENG

کينيا کے دارالحکومت نيروبی سے اتوار اکتيس دسمبر کی صبح موصولہ نيوز ايجنسی اے ايف پی کی رپورٹوں کے مطابق ملک کے وسطی حصے ميں ايک بس اور ايک لاری کے حادثے ميں چھتيس افراد ہلاک جبکہ سولہ ديگر زخمی ہو گئے ہيں۔ رفٹ ويلی کے ٹريفک پوليس آفيسر زيرو ارومے نے بتايا کہ ہفتے اور اتوار کی درميانی رات عالمی وقت کے مطابق قريب نصب شب کے وقت يہ حادثہ ناکورو شہر کے قريب پيش آيا۔ انہوں نے اب تک چھتيس افراد کی ہلاکت کی تصديق بھی کی۔ ارومے کے بقول تمام زخميوں کو ہسپتال پہنچا ديا گيا ہے جبکہ ہلاک شدگان کی لاشوں کو نکالنے کا کام بھی مکمل کر ليا گيا ہے۔

يہ حادثہ مغربی کينيا کے شہر بوسيا سے دارالحکومت نيروبی سفر کرنے والی بس اور ناکورو سے سفر پر گامزن ايک لاری کے مابين پيش آيا۔ حادثے ميں دونوں ہی گاڑيوں کے ڈائيور ہلاک ہو گئے۔ اطلاع ہے کہ جس شاہراہ پر يہ حادثہ پيش آيا، اس پر اسی ماہ حادثات ميں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ايک سو سے تجاوز کر چکی ہے۔

 پوليس آفيسر زيرو ارومے کے بقول ابتدائی تفتيش سے ظاہر ہوتا ہے کہ غالباً بس کے بريک نے کام کرنا بند کر ديا تھا، جس سبب يہ حادثہ پيش آيا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کينيا ميں سالانہ بنيادوں پر تقريباً تين ہزار افراد ٹريفک حادثات ميں ہلاک ہوتے ہيں۔ حکام اس کا الزام بے پرواہی سے گاڑی چلانے والوں، ناقص گاڑيوں اور تيز رفتاری پر عائد کرتے ہيں جبکہ مبصرين کے مطابق سڑکوں کی ابتر حالت اور کسی بھی قسم کی ديکھ بھال کے فقدان پر اموات کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔