1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا بالی وُڈ کا جادو جرمنوں پر بھی چلے گا؟

Awan / Mazumdaru, Srinivas28 جولائی 2016

ایک نیا ٹیلی وژن چینل رنگا رنگ ملبوسات، رقص و موسیقی سے بھرپور بھارتی فلمیں اور دلچسپ ٹیلی وژن شوز جرمن ناظرین کے لیے پیش کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ لیکن کیا جرمن یہ پروگرام اور فلمیں پسند بھی کریں گے یا نہیں۔

https://p.dw.com/p/1JXHq
تصویر: picture alliance/Dinodia Photo

بھارت کے سب سے بڑے ٹیلی وژن نیٹ ورکس میں سے ایک زی ٹی وی بھارتی فلموں اور ٹیلی وژن شوز کو اب جرمن ناظرین کے ڈرائنگ رومز میں لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ زی ٹیلی وژن کا دعویٰ ہے کہ اس کے ناظرین دنیا کے 165 ممالک میں موجود ہیں۔ جرمنی میں اس چینل کا آغاز جمعرات 28 جولائی سے ہو رہا ہے۔

اس نئے چینل کی نشریات 24 گھنٹے جاری رہیں گی جبکہ ناظرین اسے کیبل اور سیٹلائٹ کے ذریعے مفت دیکھ سکیں گے۔ اس چینل کا آغاز زی ٹی وی نیٹ ورک کی طرف سے دنیا بھر میں اپنی موجودگی بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

قبل ازیں رواں برس ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے زی ٹی وی کے چیئرمین سبھاش چندر نے بتایا تھا کہ اس چینل کی زیادہ تر پروگرامنگ بنیادی طور پر بالی وُڈ مواد پر مشتمل ہو گی: ’’تاہم اس میں خاص طور پر جرمن مارکیٹ کے لیے تبدیلیاں کی جائیں گی اور اس کا جرمن میں ترجمہ کیا جائے گا۔‘‘


زی ٹیلی وژن جرمنی میں خاص طور پر 19 سے 59 برس تک کی عمر کی خواتین کے لیے پروگرام پیش کرنا چاہتا ہے، جن کے بارے میں اس چینل کی انتظامیہ کو امید ہے کہ وہ جذبات اور محبت سے بھرپور کہانیوں کے بارے میں دلچسپی رکھتی ہوں گی اور انہیں پسند کریں گی۔

برلن میں ہونے والے عالمی فلمی میلے برلینالے میں بالی وُڈ اسٹارز بھی اب با قاعدگی سے شرکت کرتے ہیں
برلن میں ہونے والے عالمی فلمی میلے برلینالے میں بالی وُڈ اسٹارز بھی اب با قاعدگی سے شرکت کرتے ہیںتصویر: picture-alliance/Dinodia Photo Library

آج کل جرمنی میں بہت ہی کم سینما گھروں میں بالی وُڈ کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں اور ایسے ٹی وی چینلز کی تعداد بھی بہت کم ہے، جو بھارتی فلمیں دکھاتے ہیں تاہم چند برس قبل جب جرمنی کے ایک پرائیویٹ ٹیلی وژن چینل RTL II نے بھارتی فلموں کو باقاعدگی سے نشر کرنا شروع کیا تو ان فلموں میں لوگوں کی دلچسپی میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔

آج کل برطانیہ کے بعد جرمنی کو بالی وُڈ فلموں کی دوسری بڑی مارکیٹ قرار دیا جا رہا ہے اور برلن میں ہونے والے عالمی فلمی میلے برلینالے میں بالی وُڈ اسٹارز بھی اب با قاعدگی سے شرکت کرتے ہیں۔

جرمنی میں زی ٹی وی کے اس نئے چینل کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر فریڈریکے بہرینڈز نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ جرمن اب تک بالی وُڈ کے بارے میں بہت ہی کم جانتے ہیں لیکن دراصل یہ دنیا کی بڑی فلم انڈسٹریز میں سے ایک ہے، جس میں مختلف موضوعات پر فلمیں تیار ہو رہی ہیں۔ خاتون سی ای او کے مطابق، ’’اور یہی چیز ہم جرمن ناظرین کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔‘‘