1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا خواتین کو حاجی علی کی قبر پر حاضری کی اجازت ملے گی؟

عدنان اسحاق11 دسمبر 2015

ممبئی میں صوفی بزرگ قاضی علی شاہ بخاری کی درگاہ کے اندرونی حصے میں خواتین عقیدت مندوں کے داخلے پر پابندی ہے۔ تاہم خواتین کے مختلف گروپس اس پابندی کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں۔ کیا مُّتولی اپنا فیصلہ تبدیل کر دیں گے؟

https://p.dw.com/p/1HLhi
تصویر: AP

بھارتیہ مسلم مہیلا اندولن ( بی ایم ایم اے) نے حاجی علی کی درگاہ کے اندرونی حصے( جہاں پر قبر موجود ہے) میں خواتین کے داخلے پر پابندی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہوا ہے۔ اس تنظیم نے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے کہ درگاہ انتظامیہ کا یہ اقدام غیر آئینی ہے۔ بی ایم ایم اے کی شریک بانی نورجہاں نیاز نے اے ایف پی کو بتایا ’’ اگر عدالت کا فیصلہ ان کے حق میں آتا ہے تو یہ ایک مثبت مثال ہو گی اور اس کے طویل المدتی اثرات ہوں گے‘‘۔ ان کے بقول اس طرح تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی ہو گی، جنہیں مذہبی مقامات کے ان حصوں میں جانے کی اجازت نہیں ہے، جنہیں مقدس سمجھا جاتا ہے۔ ان کے بقول درگاہ ٹرسٹ جنسی بنیادوں پر خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک برت رہی ہے۔

Haji Ali Dargah Sufi-Schrein in Mumbai Indien
تصویر: AP

حاجی علی کی درگاہ پندرہویں صدی میں قائم کی گئی تھی اور یہ مسلمانوں اور ہندوؤں دونوں کے لیے ایک اہم مقام ہے۔ اس کے علاوہ سیاحوں کی بڑی تعداد بھی یہ مزار دیکھنے کے لیے آتی ہے۔ اس درگاہ کے متُّولیوں نے2011ء میں یہ کہتے ہوئے خواتین کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی کہ اتنے مقدس صوفی کی قبر کے قریب خواتین کی موجودگی غیر شرعی ہے اور اسلام میں بہت بڑا گناہ ہے‘‘۔ یہ مزار ممبئی کے ورلی ساحل پر تقریباً 500 میٹر سمندر کے اندر واقع ہے۔

کہا جاتا ہے کہ اسے 1430ء میں ایک ایسے امیر مسلم شخص کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا، جو اپنی تمام جائیداد چھوڑ کر حج کرنے چلا گیا تھا اور وہ قاضی علی شاہ بخاری تھے۔ بعد ازاں وہ صوفی بن گئے اور ان کا انتقال ایک روحانی سفر کے دوران ہوا اور ان کی لاش بحیرہ عرب میں جنوبی ممبئی کے پتھروں میں ملی۔ بعدازاں اُسی جگہ جہاں پر حاجی علی کی لاش ملی تھی، وہیں مسجد اور مزار تعمیر کیا گیا۔ یہ روایت بھی عام ہے کہ حاجی علی کا جسم خود بہ خود ممبئی کے ساحل سمندر پر موجود پتھروں پر آ پہنچا تھا۔

بھارت میں اور بھی کئی مزار اور مندر ہیں، جن کے اندرونی حصوں میں خواتین زائرین کو جانے نہیں دیا جاتا۔ نورجہاں نیاز کے مطابق خواتین عقیدت مندوں کو حاجی علی درگاہ سے متصل مسجد اور دیگر حصوں میں جانے کی اجازت تو ہے لیکن قبر کے قریب نصب جالیوں کو پکڑ کر دعا مانگنے نہیں دی جاتی۔ ان کے بقول درگاہ کے متولیوں کا کہنا ہے کہ اس پابندی کی ایک وجہ خواتین کے ایامِ ماہواری بھی ہیں۔’’وہ خواتین کو ناپاک کہتے ہیں حالانکہ ماہواری ایک قدرتی عمل ہے اور اس کا تعلق پوری انسانیت کی پیدائش سے ہے۔ یہ کیسے گندہ ہو سکتا ہے؟۔

Haji Ali Dargah Sufi-Schrein in Mumbai Indien
تصویر: AFP/Getty Images

ماہرین کے مطابق عدالت مذہبی معاملات میں مداخلت کرنے سے دور ہی رہنے کی کوشش کرتی ہے اور درخواست گزاروں سے کہتی ہے کہ وہ عدالت کے باہر ہی آپس میں تصفیہ کر لیں۔ اس وجہ سے مشکل ہی ہے کہ عدالت بھارتیہ مسلم مہیلا اندولن کے حق میں کوئی فیصلہ دے۔