1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا واقعی طالبان نے ایف سولہ طیارے کو نشانہ بنایا ہے؟

عدنان اسحاق19 اکتوبر 2015

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مشرقی افغانستان میں طالبان نے ایک امریکی ایف سولہ طیارے کو نشانہ بنانے کا دعوٰی کیا ہے۔ عسکری ذرائع نے جنگی طیارے کو پہنچنے والے نقصان کی تصدیق کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1GqSh
تصویر: Ethan Miller/Getty Images

اے ایف پی کے مطابق عسکری ذرائع نے بتایا کہ مشرقی افغانستان میں دوران پرواز ایک ایف سولہ طیارے پرفائرنگ کی گئی۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس واقعے کے بعد جہاز ایندھن کے اپنے اضافی ٹینک اور گولہ بارود کو پھینکتے ہوئے واپس چھاؤنی پہنچ گیا۔ ایک ایف سولہ طیارے کی قیمت سو ملین ڈالر کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتے منگل کے روز پکتیا صوبے میں ضلع سید کریم میں پیش آیا تھا تاہم اس بارے میں تفصیلات سے آج پیر کو آگاہ کیا گیا ہے۔ اس صوبے کا زیادہ حصہ طالبان کے زیر انتظام ہے۔

طالبان نے اپنے ایک بیان میں امریکی ایف سولہ طیارے کو تباہ کرنے کا دعوٰی کیا تھا تاہم جب اس بارے میں امریکی فوج سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا ’’ان کے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں ہے، جس سے طالبان کے اس دعوے کی تصدیق ہو سکے‘‘۔ اے ایف پی کو حاصل ہونے والی تصاویر میں ایف سولہ میں نصب ایندھن کے دو اضافی ٹینکس کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ٹینک پرواز کو طویل کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس تصویر میں فضا سے داغے جانے والے میزائل اور دو بم بھی موجود ہیں۔ نقاب پوش شدت پسندوں نے ان چیزوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی ہیں۔

US- und afghanische Soldaten in Afghanistan
تصویر: Getty Images/AFP/W. Kohsar

جب یہ تصاویر امریکی فوج کو دکھائی گئیں تو انہوں نے کہا، ’’تیرہ اکتوبر کو افغان صوبے پکتیا میں ایک ایف سولہ طیارے پر فائرنگ کی گئی۔ اس فائرنگ سے جہاز کو توازن میں رکھنے والے ایک آلے اور اس پر لدے اسلحے کو نقصان پہنچا‘‘۔ اس کے بعد پائلٹ جہاز پر موجود کچھ چیزوں کو زمین پر پھینکنے کے بعد بحفاظت چھاؤنی پہنچ گیا۔

اس سے قبل طالبان کئی جنگی ہیلی کاپٹروں کو تباہ کر چکے ہیں لیکن آج تک وہ کسی ایف سولہ طیارے کو نشانہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ یہ سپر سونک جنگی طیارے 2001ء سے افغانستان میں جاری کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اپریل 2013ء بگرام ایئر بیس کے قریب ایک امریکی ایف سولہ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ یہ واقعہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا تھا۔ اسی طرح 2006ء میں اسی طرح ایک حادثے میں ہالینڈ کا ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔