1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیریبین ریاستوں کے لئے یورپی مراعات

9 اپریل 2010

اسپین میں آئندہ ماہ کیریبین کے علاقے اور یورپی رہنماؤں کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کیریبین ریاستوں کی زرعی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی دینے پر غور کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/MrJQ
تصویر: AP

اس حوالے سے سب سے زیادہ اہمیت کیریبین کی ریاستوں میں کیلے اور گنے کے کاشت کاروں کو فائدہ پہنچانے کی سوچ کو دی جائے گی۔

ایسی ہی ایک نشست کا اہتمام گزشتہ ماہ ڈومینیکا میں بھی کیا گیا تھا۔ وہاں رہنماؤں نے کہا تھا کہ پیرو اور کولمبیا کو کیلے اور رَم کے لئے یورپی منڈیوں تک ملنے والے رسائی کیریبین ممالک کے لئے چیلنج ہے۔

برطانیہ میں قائم کیریبین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ جیسپ کہتے ہیں کہ کیریبین کی حکومتوں نے یورپ کے ساتھ پارٹنرشپ پر سوال اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈرڈ میں 17 مئی کے اجلاس سے قبل یورپی حکام پیرو، کولمبیا اور وسطی امریکہ کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسا کرنے کے لئے یورپی کمیشن نے ان ممالک کو چینی، چاول، کیلے اور رَم پر نئی تجارتی مراعات دی ہیں، جن پر کیریبین ممالک کی جانب سے احتجاج سامنے آ سکتا ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ اس کی ترقیاتی حکمت عملی کا مقصد تمام کیریبین ریاستوں کی مدد کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے طویل المیعاد اہداف حاصل کرتے ہوئے 2020ء تک ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکیں۔ یورپی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کیریبین ممالک کو اقتصادی عدم تحفظ اور قدرتی آفتوں کا خطرہ ہے۔

2007ء کے اعدادوشمار کے مطابق یورپی یونین اور کیریبین ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 107.4 بلین ڈالر تھا جبکہ ان ممالک سے یورپ میں درآمدات کا حجم 53.7 بلین ڈالر رہا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک