1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیٹ ونسلٹ پھر تنہا ہو گئیں

16 مارچ 2010

معروف اداکارہ کیٹ ونسلٹ کی شادی ایک مرتبہ پھر ٹوٹ گئی ہے۔ ونسلٹ اور ان کے ہدایت کار شوہر سیم مینڈیس کے وکلاء نے بتایا ہے کہ وہ اب ’ساتھی‘ نہیں رہے۔

https://p.dw.com/p/MTxF
تصویر: AP

وکلاء کے مطابق ونسلٹ اور مینڈیس انتہائی دُکھ کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ وہ رواں برس کے اوائل پر ہی ایک دوسرے سے جدا ہوگئے تھے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ باہمی رضامندی سے کیا گیا ہے۔

دونوں کے وکلاء نے یہ بھی کہا کہ فریقین مستقبل میں اپنے بیٹے کی مشترکہ پرورش کے حوالے سے سنجیدہ اور مخلص ہیں۔ ان کا ایک بیٹا ’جو‘ ہے جبکہ ونسلٹ کی پہلی شادی سے ان کی ایک بیٹی ’میا‘ ہے۔ دونوں نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔

چونتیس سالہ ونسلٹ اور 44 سالہ مینڈیس مئی 2003ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔

یہ شادی کیریبیئن میں بہت محدود پیمانے کی تقریب کے ساتھ ہوئی، جو ونسلٹ کی دوسری شادی تھی۔ اس سے قبل ہدایت کار جِم تھریپلیٹون کے ساتھ ان کی شادی تین سال چلی تھی۔

کیٹ ونسلٹ فلم ’دی ریڈر‘ میں اپنے کردار کئے 2009ء میں بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں۔ انہیں 1997ء میں ہدایت کار جیمز کیمرون کی فلم ’ٹائٹینک‘ سے شہرت ملی۔ گزشہ کچھ عرصے تک یہ تاریخ کی کامیاب ترین فلم رہی ہے۔ کیٹ ونسلٹ کو اس فلم میں کردار پر بھی آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔

انہیں ’سینس اینڈ سینسیبلٹی‘، ’ایرس‘، ’ایٹرنل سن شائن آف سپاٹلیس مائنڈ‘ اور ’لٹل چلڈرن‘ کے لئے بھی آسکر کی نامزدگیاں حاصل ہوئیں۔

مینڈیس اسٹیج اور فلم کے معروف ہدایت کار ہیں اور 2000ء میں ’امریکن بیوٹی‘ کے بہترین ہدایت کار کا آسکر جیت چکے ہیں۔ انہوں نے ’روڈ ٹو پیرڈیشن‘ اور ’ریوولوشنری روڈ‘ جیسی فلموں کی ہدایات دیں۔ آخرالذکر میں کیٹ ونسلٹ نے ہی مرکزی کردار نبھایا جبکہ ان کے مدمقابل لیونارڈو ڈی کیپریو تھے۔ اس فلم میں اپنے کردار پر ونسلٹ کو 2009ء میں گولڈ گلوب ایوارڈ بھی ملا۔

Flash-Galerie Liebesfilme
کیٹ ونسلٹ کو فلم ٹائٹینک سے شہرت ملیتصویر: AP

رپورٹ: ندیم گِل / خبررساں ادارے

ادارت: گوہر نذیر گیلانی