1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گالے ٹیسٹ میں پاکستان فتح کے قریب

6 جولائی 2009

گالے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دئے گئے 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں پر 71رنز بنا لئے ہیں اور اس طرح پاکستانی ٹیم کو فتح کے لئے مزید صرف 97 رنز درکار ہیں۔

https://p.dw.com/p/IiLk
پاکستانی ٹیم کی اس ٹیسٹ پر پوزیشن مستحکم ہےتصویر: AP

سری لنکن ٹیم کی جانب سے گالے ٹیسٹ کے تیسر ے روز دوسری اننگز کا آغاز نائٹ واچ مین ہیراتھ اور وارن پورا نے کیا لیکن سوائے پارانا ویتانا اور سمارا ویرا کے کوئی بھی سری لنکن بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ہیراتھ 15، وارنا پورا صفر، پارانا ویتانا 49 ، سنگاکارا 14، جے وردھنے صفر، سمارا ویرا 34 اور تلک رتنے دلشان نے 22 رنز بنائے۔ یوں سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 217 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔


پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور سعید اجمل نے تین تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جبکہ یونس خان نے دو، عمر گل اور عبدالرؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یوں پاکستان کو اس پہلے ٹیسٹ میں جیت کے لئے 168 رنز کا ہدف ملا۔


پاکستانی ٹیم کو مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں خرم منظور اور سلمان بٹ نے 36 رنز کاآغاز فراہم کیا۔ خرم 15 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کرمینڈس کی بال پر جے وردھنے کو کیچ دے بیٹھے۔کپتان یونس خان صرف تین رنز کی اننگز کھیل سکے۔ انہیں اینجیلو میتھیوز نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

کھیل کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے دووکٹوں کے نقصان پر 71 رنز بنالئے ہیں۔ سلمان بٹ 28 اور محمد یوسف 12 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ ایک عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور محمد یوسف نے پہلی اننگز میں سنچری سکور کر کے پاکستان کو بہتر پوزیشن فراہم کر دی تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک