1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گراؤنڈ زیرو پر یادگاری تعمیرات تکمیل کے قریب

6 ستمبر 2011

گیارہ ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے جڑواں ٹاورز پر دہشت گردوں کے حملے میں 2,749 افراد کی ہلاکت کے واقعے کو دس برس ہو چکے ہیں اور زندگی معمول کی جانب لوٹ چکی ہے، مگر گراؤنڈ زیرو پر آنے والے اس واقعے کو بھول نہیں سکتے۔

https://p.dw.com/p/12Tp4
تصویر: AP

حملوں کے فوراﹰ بعد علاقے سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع ہو گیا تھا اور سن 2002 میں اس کام کی تکمیل کا اعلان کر دیا گیا۔کئی برسوں تک یہ بحث ہوتی رہی کہ آیا اس جگہ کو یادگار بنایا جائے یا نہیں۔ پھر یہ فیصلہ کیا گیا کہ یہاں نئی بلند و بالا عمارتیں، عجائب گھر اور ایک یادگار بھی تعمیر کی جائے۔

Porträt Daniel Liebeskind
اس پورے کمپلیکس کا ڈیزائن تعمیراتی ماہر ڈینیل لیبس کِنڈ نے تیار کیا ہےتصویر: Michael Marek

اس جگہ کی سیر کو آنے والے افراد پورے کمپلیکس کے گرد گھوم پھر سکتے ہیں۔ اس میں نصب بڑے بڑے دروازوں سے سیمنٹ کے ٹرک اور تعمیراتی مزدور آتے جاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تاہم اس جگہ کی حفاظت پر مامور محافظ اندر جھانکنے یا اس جگہ کی تصاویر اتارنے کی اجازت نہیں دیتے۔ ٹاورز کے ملبے سے لوگوں کو نکالنے والے 343  فائر فائٹرز کی یاد میں قریب ہی کانسی کی ایک بڑی سی یادگاری تختی نصب ہے۔ گراؤنڈ زیرو کے جنگلے پر لگی ہوئی ہلاک اور لاپتہ ہونے والے بہت سے افراد کی تصاویر اب انہیں خراج عقیدت پیش کرنے والے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے یادگاری مرکز میں آویزاں دکھائی دیتی ہیں۔ اس مرکز میں ملبے سے نکلنے والی اشیاء بھی رکھی گئی ہیں جن میں ایک چار میٹر طویل لوہے کا خمیدہ جنگلا، مٹی سے اٹے ہوئے جوتوں کا جوڑا، ایک پچکا ہوا بریف کیس اور کسی فائر فائٹر کا جھلسا ہوا ہیلمٹ بھی شامل ہے۔

اسی جگہ پر ایک کونے میں سینٹ پال کا چیپل ہے جو جڑواں ٹاورز کے گرنے والے ملبے سے معجزاتی طور پر محفوظ رہا تھا۔ حملوں کے بعد کئی دنوں اور ہفتوں تک یہ جگہ خاموش دعاؤں کا مرکز بنی رہی تھی۔

چیپل سے باہر تعمیراتی گہما گہمی سے زندگی کی حقیقت کا احساس ہوتا ہے۔ نئی فلک بوس عمارتوں کی تعمیر سن 2014 ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

National September 11 Memorial and Museum USA New York
جس مقام پر کبھی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے شمالی اور جنوبی ٹاورز کھڑے تھے، اسے کوئی تبدیلی کیے بغیر تالابوں کی شکل دے دی گئی ہےتصویر: AP

اس پورے کمپلیکس کا ڈیزائن ڈینیل لیبس کِنڈ نے تیار کیا ہے مگر اس میں کئی تبدیلیاں کی جا چکی ہیں۔ نئی جگہ کی نمایاں خصوصیت ورلڈ ٹریڈ سینٹر ون نامی عمارت ہے، جو کہ اپنی 541 میٹر بلندی کے ساتھ امریکہ کی سب سے فلک بوس عمارت ہو گی۔ اس کے علاوہ گراؤنڈ زیرو کے اردگرد نئی تعمیر ہونے والی دیگر عمارتیں بھی ہیں اور ان سب کو مجموعی طور پر ورلڈ ٹریڈ سینٹر کا نام دیا گیا ہے۔ ورلڈ ٹریڈ سینٹر ٹو کا ڈیزائن برطانوی ماہر تعمیرات نارمن فوسٹر نے تیار کیا ہے اور یہ عمارت 411 میٹر بلند ہے۔

کمپلیکس کا محور ورلڈ ٹریڈ سینٹر میموریل ہے، جس میں عجائب گھر اور یادگاری مقام بھی شامل ہیں۔ ان سب کا افتتاح گیارہ ستمبر کے واقعات کی دسویں برسی کے موقع پر کیا جائے گا۔

جس مقام پر کبھی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے شمالی اور جنوبی ٹاورز کھڑے تھے، اسے کوئی تبدیلی کیے بغیر تالابوں کی شکل دے دی گئی ہے اور اس کی بنیادیں اب بھی دکھائی دیتی ہیں۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں