1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گریمی ایوارڈ، سال کی بہترین البم کا انعام ٹیلر سوئِفٹ کے نام

عاطف بلوچ16 فروری 2016

گریمی ایوارڈز کی سالانہ تقریب میں امریکی ریَپر کنڈریک لامر نے پانچ انعامات اپنے نام کیے ہیں لیکن ’البم آف دا ایئر‘ ٹیلر سوئِفٹ کے 1989 نامی البم کو ملا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hw18
Taylor Swift singt beim Grammy-Gala
امریکی سنگر ٹیلر سوئِفٹ نے دوسری مرتبہ ’البم آف دا ایئر‘ کا اعزاز اپنے نام کیا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Sayles

امریکی شہر لاس اینجلس میں منگل کی رات منعقد ہوئی رنگا رنگ تقریب میں گریمی ایوارڈز کی محفل میں سیاہ فام امریکی ریَپر کنڈریک لامر نے سب سے زیادہ یعنی پانچ ایوارڈز بٹور لیے۔ انہیں اس سال مجموعی طور پر گیارہ کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔

USA Kendrick Lamar Rapper
گریمی ایوارڈ کی محفل میں سیاہ فام امریکی ریَپر کنڈریک لامر نے سب سے زیادہ یعنی پانچ ایوارڈز بٹور لیےتصویر: picture-alliance/epa/S. Laessoee

اندازہ تھا کہ لامر اپنے البم To Pimp A Butterfly پر سال کے بہترین البم کا ایوارڈ بھی جیت لیں گے تاہم اس کیٹیگری میں گلوکارہ ٹیلر سوئِفٹ نے انہیں مات دے دی۔

امریکی سنگر ٹیلر سوئِفٹ نے دوسری مرتبہ ’البم آف دا ایئر‘ کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ سن 2014 میں ریلیز ہونے والے 1889 نامی اس البم کو نہ صرف ناقدین نے سراہا تھا بلکہ عوامی مقبولیت بھی انہی کے حق میں رہی۔ یہ البم سال کا ’بیسٹ سیلر‘ رہا۔

چھبیس سالہ سوئِفٹ پہلی ایسی خاتون سنگر بھی بن گئی ہیں، جنہوں نے البم آف دا ایئر‘ کا اعزاز دو مرتبہ حاصل کیا ہے۔ قبل ازیں 2009ء میں ان کے البم Fearless کو بھی گریمی ایوارڈ کی تقریب میں سال کا بہترین البم قرار دیا گیا تھا۔

Grammy Award Sängerin Lady Gaga
گریمی ایوارڈز کی تقریب میں لیڈی گاگا نے بھی پرفارم کیاتصویر: Reuters/M. Anzuoni

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد تقریب کے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے سوئِفٹ نے بالخصوص خواتین سے کہا کہ بہت سے لوگ آپ کی کامیابی کو ناکامی میں بدلنے یا آپ کی کامیابیوں یا شہرت میں حصہ دار بننے کی کوشش کریں گے۔۔۔ لیکن آپ کسی کو ایسا کرنے کی اجازت نہ دیں۔

گریمی ایوارڈز کی تقریب میں اس مرتبہ R&B سنگر برونو مارس اور پروڈیوسر مارک رونسون کو اپ بیٹ ٹریک Uptown Funk! پر ’ریکارڈ آف دا ایئر‘ کے انعام سے نوازا گیا۔ منگل کی رات برطانوی سنگر ایڈ شیران کو پہلی مرتبہ گریمی یوارڈ ملا۔ انہوں نے اس رات مجموعی طور پر دو انعامات اپنے نام کیے۔

ہپ ہاپ ریَپر لامر نے اس تقریب میں نہ صرف سب سے زیادہ ایوارڈز بٹورے بلکہ انہوں نے اپنی جاندار پرفارمنس سے تقریب کے شرکاء کے دل بھی جیت لیے۔

امریکا میں بالخصوص نواجوانوں میں نسل پرستی کے مسائل پر تخیلق کردہ اپنے ٹریک The Blacker The Berry کو پرفارم کرتے ہوئے انہوں نے ایک قیدی کا لباس زیب تن کر رکھا تھا جبکہ اس دوران انہوں نے خود کو زنجیروں میں بھی جکڑ لیا تھا۔

لامر نے بعد ازاں علامتی طور پر پہنی ان زنجیروں کو توڑتے ہوئے تدبیلی کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنے ہٹ ریَپ سونگ Alright پر دلربا رقص پیش کیا۔ اس پرفارمنس کے دوران قبائلی افریقی لباسوں میں ملبوس ان کے ساتھی ڈانسرز نے بھی محفل کو چار چاند لگا دیے۔

Grammy Award Sänger Ed Sheeran
رطانوی سنگر ایڈ شیران کو پہلی مرتبہ گریمی یوارڈ ملاتصویر: picture alliance/AP Images/M. Sayles

معروف کینیڈین پوپ سنگر جسٹن بیبر نے بھی اپنے ٹریک Where Are U Now پر ایک انعام جیتا اور بعدازاں انہوں نے اسی ڈانس ٹریک پر پرفارم بھی کیا۔ ایک انعام 91 سالہ سابق امریکی صدر جمی کارٹر کو بھی ملا ہے، جنہوں نے اپنی آواز میں اپنی آڈیو بُک جاری کی تھی۔