1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گستاف کی شدت میں کمی لیکن ری پبلکن پارٹی کا کنونشن متاثر

2 ستمبر 2008

امریکہ میں ہیری کین گستاف کی شدت میں اگرچہ کمی واقع ہوئی ہے تاہم ری پبلکن پارٹی نے کہا ہے کہ وہ اپنے سالانہ کنونشن کو سادہ اور مختصر کریں گے اور اپنی پوری توجہ اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لئے لگائیں گے۔

https://p.dw.com/p/F8zl
تصویر: AP

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ری پبلکن پارٹی اس مرتبہ اس طوفان سے نمٹنے کے لئے بہتر حکمت عملی ترتیب دے گی تو ہو سکتا ہے کہ ان مخصوص علاقوں میں ان کے ووٹ بینک میں اضافہ ہو سکے۔

سمندری طوفان ’’گُستاف‘‘ کی ابتدائی شدید بارشیں اور طوفانی ہوائیں امریکہ کے ساحلوں پر پہنچ گئی ہیں، تاہم ماہرینِ موسمیات نے اِس کی شدت کو تین سے کم کر کے اب اِسے کیٹیگری ایک کا طوفان قرار دے دیا ہے۔ حفظِ ماتقدم کے طور پر امریکی ریاست لُوئیزِیانا کے ساحلی علاقوں کے تقریباً دو ملین انسان محفوظ مقامات پر منتقل ہو کر دئے گئے ہیں۔

ابھی تین سال پہلے سمندری طوفان ’’کترینا‘‘ کے نتیجے میں تباہ ہونے والا شہر نیو اَورلینز ایک بار پھر انسانوں سے خالی ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز شہر کے میئر رے نیگِن نے شہر خالی کرنے کے احکامات جاری کئے اورکرفیو نافذ کر دیا تھا۔ لُوٹ مار کو روکنے کے لئے پولیس اور نیشنل گارڈز کے سینکڑوں سپاہی شہر کی سڑکوں پر گشت کر رہے ہیں۔ ری پبلکن پارٹی نے اِس طوفان کی وجہ سے ریاست مِنی سوٹا کے دارالحکومت سینٹ پَول میں اپنی پارٹی کانگریس کے پروگرام کو مختصر کر دیا ہے۔

صدر بُش اِس اجتماع میں شرکت کی بجائے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے ساتھ تبادلہء خیال کریں گے۔