1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گلوبل وارمنگ کے ذمہ دار امریکہ اور دیگر صنعتی ممالک ، اسامہ بن لادن

30 جنوری 2010

اسامہ بن لادن نے گلوبل وارمنگ کے لئے امریکہ اور دیگر صنعتی ممالک کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ایک نئے آڈیو پیغام میں اس نے دنیا پر زور دیا ہے کہ امریکی ڈالر پر انحصار کرنا چھوڑ دیا جائے۔

https://p.dw.com/p/LnPx
اسامہ بن لادنتصویر: AP

ایک عرب ٹیلی وژن پر نشر کئے گئے اس آڈیو پیغام میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن نے کہا کہ دنیا امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کے لئے امریکی معیشت کا پہیہ روکنا ہوگا۔ اسامہ نے مزید کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں پر صرف گفتگو کرنے سے یہ معاملہ حل نہیں ہوگا۔

دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان پی جے کرولے نے اسامہ بن لادن کے اس نئے پیغام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ القاعدہ کا رہنما، حالات حاضرہ سے مطابقت پیدا کرنے کے لئے سخت محنت کر رہا ہے۔

فوری طور پر تصدیق نہیں کی جا سکی ہے کہ یہ آڈیو پیغام اسامہ بن لادن کا ہی ہے یا نہیں۔

اسامہ بن لادن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکی ڈالر کا استعمال ترک کرنے سے تمام انسانیت، امریکہ کی غلامی سے آزاد ہو جائے گی۔ اسامہ بن لادن نے معروف امریکی دانشور نوم چومسکی کا حوالہ دیتےہوئے کہا کہ وہ ٹھیک کہتا ہے کہ امریکہ کی پالیسیاں کسی مافیا کی پالسیوں سے مختلف نہیں ہیں۔ اسامہ نے کہا کہ اصل دہشت گرد امریکہ ہے اور اس لئے دنیا کو امریکی ڈالر میں لین دین نہیں کرنا چاہئے۔

Der arabische Nachrichtensender Al Jazeera zeigt Videoaufnahmen von Ossama Bin Laden Quiz 50 Jahre Deutsche Welle Frage 9
ایک مہینے کے دوران اسامہ بن لادن کا یہ دوسرا آڈیو پیغام ہےتصویر: AP

اسامہ بن لادن سے منسوب ایک آڈیو ٹیپ گزشتہ ہفتے بھی نشر کیا گیا تھا، جس میں اس نے کرسمس کے روز امریکی طیارے پر ناکام حملے کا منصوبہ بنانے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس پیغام میں اسامہ نے امریکی طیارے کو تباہ کرنے کی ناکام کوشش کرنے والے نائیجیریا کے شہری عمر فاروق عبدالمطلب کی تعریف بھی کی تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں