1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گلوکار شوہر یونانی وزیر کو لے ڈُوبا

18 مئی 2010

یونان کی نائب وزیر سیاحت اپنے گلوکار شوہر کے خلاف ٹیکس چوری کے الزامات سامنے آنے پر مستعفی ہو گئی ہیں۔ ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ انگیلا گیرکو کے شوہر کو ٹیکس اور جرمانے کی مد میں پانچ ملین یورو سے زائد کی رقم چکانی ہے۔

https://p.dw.com/p/NQUu
انگیلا گیرکو ایک سیاحتی میلےتصویر: DW

ایتھنز حکام کا کہنا ہے کہ 51 سالہ نائب وزیر سیاحت انگیلا گیرکو پیر کو اپنے شوہر کا ٹیکس اسکینڈل منظر عام پر آنے کے کچھ ہی دیر بعد مستعفی ہو گئیں۔

وزارت خزانہ نے تصدیق کی ہے کہ گیرکو کے شوہر ٹولِس ووسکوپولوس کی جانب سے چوری شدہ ٹیکس اور جرمانے کی مالیت ساڑھے پانچ ملین یورو ہے، جس پر انہیں مقدمے کا سامنا ہے۔

Griechenland Proteste Finanzkrise
یونان میں حکومت کے بچت پروگرام کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہےتصویر: AP

گیرکو نے کہا کہ ان کا ملک ایک مشکل دَور سے گزر رہا ہے اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے شوہر کے ٹیکس اسکینڈل کو حکومت کے خلاف الزامات کے لئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے استعفیٰ پیش کرنے کی وجہ یہی ہے۔

واضح رہے کہ یونان بدترین مالیاتی بحران کے دَور سے گزر رہا ہے۔ حال ہی میں یورپی یونین اور عالمی مالیاتی ادارے IMF کی جانب سے ایتھنز حکام کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے 110ارب یورو کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے لئے یونان کو ملک میں کفایت شعاری کے پروگرام کے تحت سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔

یونان نے عالمی امداد کے بدلے ایک بچت پروگرام متعارف کرایا ہے، جس میں ’ویلیو ایڈڈ ٹیکس‘ میں 23 فیصد اضافہ بھی شامل ہے جبکہ ریٹائرمنٹ سے پہلے ملازمت کی مدت 37 سال سے بڑھا کر 40 سال کر دی جائے گی۔ یونان میں حکومت کے اس پروگرام پر انتہائی غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

عالمی امداد کا اعلان ایتھنز حکومت کی جانب سے آئندہ تین برسوں میں اخراجات میں 30 بلین کی کٹوتی پر رضامندی ظاہر کرنے کے بعد کیا گیا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید