1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گناہ گار ضرور ہوں، مگر ’یہ الزام‘ غلط ہے، بیرلسکونی

16 فروری 2011

آخر کار ایک طویل عرصے سے جاری کشمکش کے بعد یہ فیصلہ کر لیا گیا کہ اطالوی وزیراعظم سلویو بیرلسکونی کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا ہو نا ہی پڑے گا۔

https://p.dw.com/p/10Hfm
تصویر: AP

عدالت میں بیرلسکونی کے خلاف اتنے شواہد پیش کردیے گئے ہیں کہ ان کے خلاف مقدمے کی کارروائی اب شروع کردی جائے گی۔ رواں سال اپریل میں شروع ہونے والے اس مقدمے کی یہ کوئی پہلی عدالتی کارروائی نہیں ہو گی، جس کا اطالوی وزیراعظم سلویو بیرلسکونی کو سامنا کرنا پڑے گا۔ اس سے قبل ان کے خلاف دس سے زائد مقدامات قائم کیے گئے، جن میں سے زیادہ تر میں انہیں بری کر دیا گیا۔

Italien Proteste gegen Berlusconi
اٹلی میں بیرلسکونی کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے ہیںتصویر: Picture-Alliance/dpa

لیکن کم عمر لڑکی کے ساتھ جنسی روابط رکھنے اور اسے پولیس سے بچانے کے لیے اپنے اختیار کا استعمال کرنے کا یہ معاملہ دنیا بھر میں اتنی مقبولیت پا چکا ہے کہ لگتا ہے کہ اس کا نتیجہ 74 سالہ بیرلسکونی کے سیاسی کیریئر پر کوئی نہ کوئی نقش ضرور چھوڑ کر جائےگا۔

’خواتین اور بیرلسکونی‘ یہ الفاظ ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم سمجھے جانے لگے ہیں کیونکہ اطالوی وزیراعظم یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ خوبصورت خواتین ان کی کمزوری ہیں۔2003 ء میں توانہوں نے امریکی تاجرکو اٹلی میں سرمایہ کاری پر راضی کرنے کے لیے یہاں تک کہہ دیا کہ ’’سرمایہ کاری کا فائدہ یہ ہے کہ اٹلی کی حسینائیں ہوش ربا ہیں‘‘۔

لیکن انہی میں سے ایک لڑکی نے بیرلسکونی کے ایسے ہوش گم کیے کہ اب انہیں عدالت میں جواب دہ ہونا پڑ رہا ہے۔ روبی کے ساتھ 74 سالہ بیرلسکونی نے اس وقت مبینہ طور پر جنسی روابط قائم کیے، جب وہ سترہ برس کی تھی اور اٹلی میں یہ جرم ہے۔ اس سے قبل 2009ء میں اطالوی وزیراعظم کا ایک سیکس اسکینڈل سامنے آ چکا ہے۔ اس وقت ایک ماڈل کی اٹھارہویں سالگرہ میں شرکت کی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد ان کی اہلیہ ویرونیکا لاریو نے بیرلسکونی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

2009ء میں ابھی بیرلسکونی اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو سازش قرار دینے میں مصروف تھے کہ اسی دوران ساردینیا میں ان کے پرتعیش بنگلے میں ہونے والی ایک پارٹی میں بنائی گئی غیر اخلاقی تصاویر منظر عام پر آ گئیں۔ اُسی سال جون کے مہینے میں ایک کال گرل پاتریزیا ڈی اداریو نے انکشاف کیا کہ ساردینیا میں ہونے والی پارٹی کے منتظیمن نے اسے بیرلسکونی کے ساتھ ایک رات گزارنے کے دو ہزار یورو دیئے تھے۔

NO FLASH Berlusconis Skandale Frauen Party
سلویو بیرلسکونی کا پہلا سیکس اسکینڈل 2009ء میں منظر عام پر آیا تھاتصویر: picture alliance/dpa

بہرحال یہ بات حقیقت ہے کہ اگر بیرلسکونی اس مرتبہ بھی اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو جھوٹا قرار دینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تو’گناہ گار‘ ہونے کا اعتراف کرنے کے باوجود ان کی شہرت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ دوسری صورت میں انہیں 15 سال تک کی قید کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں