1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوادر بندرگاہ: پاکستان مزید چینی مدد کا طلبگار

17 دسمبر 2010

پاکستان اسٹریٹجک لحاظ سے اپنی اہم ترین بندرگاہ کے معاملے میں چین سے مزید مدد چاہتا ہے۔ چین بندر گاہ کی تعمیر کے پہلے مرحلے میں 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/QdwA
تصویر: AP

پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپنے ہم منصب وین جیا باؤ سے مزید تعاون کی درخواست کریں گے۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا ہے،’ ہم چینی وزیراعظم وین جیا باؤ کے دورے کے دوران ان سے گوادر پورٹ کو کار آمد بنانے کے طریقہ کار پر بات چیت کریں گے۔‘

لیکن اس بندرگاہ کےانتظامی اورآپریشنل امور کا ٹھیکہ پہلے ہی 40 برس کےلئے سنگاپورکی ایک سرکاری کمپنی PSA کودے دیا گیا ہے۔ بلوچستان کے وزیراعلٰی کا کہنا ہے کہ پی ایس اے کو دیا گیا ٹھیکہ ’یک طرفہ‘ فیصلہ ہے۔ اس معاہدے کی منسوخی کےلئےایک کیس پہلے ہی سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے۔

Pakistan Hafen Gwadar
گوادر بندرگاہ کا افتتاح سن2007ء میں ہوا تھاتصویر: AP

وزارت پورٹ اینڈ شیپنگ کے ایک اعلٰی عہدیدار نے خبررساں ادارے روئٹر کو بتایا ہے،’ ہم اس وقت کوئی بھی فیصلہ نہیں لے سکتے، کیونکہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور ہمیں عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا۔ لیکن ظاہر ہے چین کو اس بندرگاہ کا ٹھیکہ دینا ایک اچھی بات ہے۔‘

ایک اوراعلٰی عہدیدارکا کہنا تھا کہ اگرسپریم کورٹ سنگا پور کی سرکاری کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیتی ہے تو ہمیں یہ ٹھیکہ چین کو دینا چاہئے۔ وہ کہتے ہیں،’ چین پاکستان کا ایک قریبی دوست ہے۔ وہ اس بندرگاہ کو چلانے کی مہارت بھی رکھتا ہے اور ارادہ بھی۔ چین کو انتظامی امور کا ٹھیکہ دیا جانا ایک بہتر انتخاب ہے۔‘

پاکستان اپنی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کو بہتر بنانا چاہتا ہے۔ اس بندرگاہ کے ذریعے پاکستان چین کے علاوہ وسطی ایشائی ملکوں اورافغانسان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانا چاہتا ہے۔ پاکستان میں اس وقت تین بڑی بندرگاہیں موجود ہیں۔ گوادر بندرگاہ بلوچستان میں جبکہ باقی دوکراچی سے 450 کلومیٹر دورمشرق میں واقع ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں