1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’گولان کبھی واپس نہیں دیں گے‘، اسرائیلی اعلان پر عرب سیخ پا

امجد علی21 اپریل 2016

عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے لیے ایک خصوصی فوجداری عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے گزشتہ اتوار کو کہا تھا کہ گولان کا مقبوضہ علاقہ ہمیشہ اسرائیل کے پاس رہے گا۔

https://p.dw.com/p/1IaUv
Kairo - Arabische Liga
بائیس رُکنی عرب لیگ کا اجلاس قاہرہ میں ہوا، جہاں اس تنظیم کا ہیڈ کوارٹر بھی ہےتصویر: Getty Images/AFD/K. Desouki

بائیس رُکنی عرب لیگ کا ہیڈ کوارٹر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہے اور وہیں جمعرات کے روز اس تنظیم کا ایک اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس کا مقصد اسرائیلی وزیر اعظم کے اعلان کی مذمت میں ایک قرارداد منظور کرنا تھا۔ جیسا کہ توقع تھی، اس اجلاس میں ایک ایسی قرارداد منظور کر لی گئی ہے، جس میں اسرائیلی وزیر اعظم کے گزشتہ اتوار کے اس اعلان کی مذمت کی گئی ہے کہ گولان کی مقبوضہ پہاڑیاں اب ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اسرائیل ہی کی ملکیت رہیں گی۔

اسرائیل نے 1967ء میں شام، مصر اور اُردن کے ساتھ لڑی جانے والی مشرقِ وُسطیٰ جنگ میں گولان کے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا اور 1981ء میں اسے باقاعدہ طور پر اپنے ریاستی علاقے میں شامل کر لیا تھا گو اس الحاق کو بین الاقوامی برادری نے آج تک تسلیم نہیں کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق بینجمن نیتن یاہو نے اپنی کابینہ کا ایک اجلاس گولان ہی میں منعقد کیا تھا، جہاں اُنہوں نے مذکورہ اعلان کیا۔ دراصل اسرائیل کو خدشہ ہے کہ جنگ زدہ شام کے مستقبل اور وہاں قیام امن کے لیے آج کل جو کوششیں ہو رہی ہیں، اُن کے دوران اسرائیل پر گولان کا علاقہ واپس شام کو دینے کے لیے بھی دباؤ ڈالا جا سکتا ہے۔

قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس کے آغاز پر نبیل العربی نے مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے طرزِ عمل سے ایسا لگتا ہے، گویا وہ خود کو ’قانون اور احتساب سے بالاتر سمجھتا ہو‘۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی مسئلے کے لیے بھی اُسی طرز پر ایک خصوصی فوجداری عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے، جیسے کہ ’سابق یوگوسلاویہ، روانڈا، کمبوڈیا اور سیرا لیون‘ کے سابقہ حکام کے خلاف مقدمے چلانے کے لیے بین الاقوامی ٹریبیونل قائم کیے جا چکے ہیں۔

Nabil El-Araby
عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربیتصویر: Johannes Eisele/AFP/Getty Images

قاہرہ میں متعینہ سعودی سفیر اور عرب لیگ میں شامل ایک مندوب احمد قتان نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل شام کے تنازعے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے:’’صیہونی ملک شام میں برسوں سے جاری بحران سے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہے۔‘‘

آج کل عرب لیگ میں شام کی رکنیت معطل ہے۔ باقی ماندہ اکیس ملکوں کے مندوبین نے جمعرات کو اتفاقِ رائے سے وہ قرارداد منظور کر لی، جس میں اسرائیل کی مذمت کی گئی ہے اور ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی پاسداری کے لیے مجبور کرے۔ اسی دوران اسرائیلی وزیر اعظم روس کے دورے پر ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید