1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گونتانامو کے قیدی کے وکیل کا خفیہ ویب سائٹس تک رسائی کا مطالبہ

1 جولائی 2009

گوانتانا مو بے سے امریکہ کی ایک سول عدالت میں کارروائی کے لئے منتقل کئے جانے والے قیدی احمد خلفان غائلانی کے وکیل نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں سی آئی اے کی ان پوشیدہ ویب سائٹس تک رسائی دی جائے۔

https://p.dw.com/p/If6Z
غائلانی کی ایک فائل فوٹوتصویر: AP

مین ہیٹن کی ایک عدالت کے مطابق احمد خلفان کے وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں تفتیشی کارروائی کے لئے ان پوشیدہ ویب سائٹس تک رسائی کی ضرورت ہے جن تک بیرونی ممالک کے عام لوگوں کے لئےرسائی ممکن نہیں ہے۔ خفیہ ویب سائٹس سے انہیں اپنے موکل کے حق میں ثبوت اکٹھے کرنے اوران کو جانچنے میں مدد ملے گی کہ آیا دوران تفتیش احمد خلفان کے دئے جانے والے بیانات قابل بھروسہ ہیں یا نہیں۔

غائلانی پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے 1998میں تنزانیہ اور کینیا کے سفارت خانوں پر کئے گئے بم دھماکوں میں معاونت کی تھی جن کے نتیجے میں 224 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ غائلانی کو 2006ء میں کیوبا میں قائم امریکی بحری اڈے میں تفتیش کے لئے نظر بند کیا گیا تھا اور آج سے تین ہفتے قبل انہیں سول عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنے کے لئے امریکہ منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری طرف امریکی صدر باراک اوباما نے اعلان کیا تھا کہ غیر ملکی دہشت گردوں کے لئے اس حراستی مرکزکو 2010ء میں ماہ جنوری کے اختتام تک بندکر دیا جائے گا۔

امریکی عدالت کے مطابق غائلانی کے وکیل نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ 2004ء میں ان کے موکل کو پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ CIA کی خفیہ ویب سائٹ کے مطابق خفیہ طور پر کی جانے والی تفتیش کے دوران غائلانی کو جسمانی اور نفسیاتی اذیت کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

انہوں نے مذید بتایا کہ اپریل میں CIA کی خفیہ ویب سائٹس کوختم کرنے کے اعلان کے بعد انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ان ویب سائٹس کے ختم ہونے کے بعد وہ غائلانی کے بیانات کو جانچنے کا موقع کھو دیں گے۔ انہوں نے امریکی عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالت CIA کی ان خفیہ ویب سائٹس کو محفوظ رکھنے کا حکم دے۔

رپورٹ :عروج رضا

ادارت : کشور مصطیٰ