1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہارمون تھراپی سے ’بزرگ مردوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم‘

عاطف بلوچ4 اپریل 2016

ایک نئی تحقیق کے مطابق دل کی شریانوں کی بندش کے شکار ایسے بزرگ مردوں میں دل کے دورے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں، جو ٹیسٹوسیٹرون تھراپی کراتے ہوں۔ یہ ایک مشاہداتی مطالعہ ہے، جس کے نتائج کا سو فیصد درست ہونا لازم نہیں۔

https://p.dw.com/p/1IP2g
Symbolbild Schmerzen Schulter Kalkschulter
اس مطالعے میں 755 مردوں کو شامل کیا گیاتصویر: picture-alliance/Denkou Images

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک تازہ ریسرچ کے حوالے سے بتایا ہے کہ دل کے عارضے میں مبتلا بزرگ مرد جو ٹیسٹوسیٹرون تھراپی نہیں کراتے، ان میں ہارٹ اٹیک کے امکانات زیادہ ہو سکتے ہیں۔

فی الوقت ٹیسٹوسیٹرون تھراپی کو دل کے مختلف عارضوں میں مبتلا بزرگ مریضوں کے لیے خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔ اسی لیے امریکا کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایجنسی FDA نے لازم قرار دے رکھا ہے کہ ہر قسم کی ٹیسٹوسٹیرون مصنوعات پر واضح لیبل لگا ہونا چاہیے کہ ان کے باعث کون سے ممکنہ خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

امریکی شہر سالٹ لیک سٹی میں واقع انٹرماؤنٹین میڈیکل ریسرچ ہارٹ انسٹیٹیوٹ کی اس نئی مطالعاتی رپورٹ کے نتائج کے مطابق ٹیسٹوسیٹرون تھراپی دل کی مختلف بیماریوں میں مبتلا بوڑھے مردوں کے لیے بہتر ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ مطالعہ طبی طور پر محض ایک تحقیقی مشاہدے پر مبنی ہے، جو میڈیکل سائنس میں سائنسی تحقیق کا سب سے کمزور طریقہ قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم اس سٹڈی کو مکمل کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ نتائج مستقبل میں اس تناظر میں ہونے والی مزید تحقیق میں معاون ثابت ہوں گے۔

اس مطالعے میں 755 مردوں کو شامل کیا گیا۔ ان کی عمریں 58 سے لے کر 78 برس کے درمیان تھیں۔ دل کی شریانوں کی تنگی یا بندش کے شکار ان افراد میں ٹیسٹوسیٹرون نامی ہارمون کی مقدار بھی کم تھی۔ تین برسوں پر محیط اس مشاہدے کے مطابق اس گروہ میں شامل ایسے افراد جن کی اس ہارمون کے ذریعے تھراپی نہیں کی گئی تھی، ان میں ہارٹ اٹیک کی شرح زیادہ نوٹ کی گئی۔

اس مطالعاتی رپورٹ کے مطابق ایک برس کے دوران 64 ایسے افراد جنہوں نے ٹیسٹوسیٹرون ہارمون والے سپلیمنٹ نہیں لیے تھے، انہیں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 21 افراد جنہوں نے یہ ہارمون تھراپی کرائی تھی، ان میں طبی پیچیدگیوں کی شرح کم رہی۔

Symbolbild Pflege Alter Senioren Pflegeheim
یہ مطالعہ طبی طور پر محض ایک تحقیقی مشاہدے پر مبنی ہے، جو میڈیکل سائنس میں سائنسی تحقیق کا سب سے کمزور طریقہ قرار دیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/J. Kalaene

اس مطالعے کے مطابق تین برس کے مشاہدے سے معلوم ہوا کہ 125 افراد جنہوں نے ٹیسٹوسیٹرون تھراپی نہیں کرائی تھی، انہیں مزید پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ہارمون تھراپی کرانے والے 60 افراد میں یہ شرح کم ہی رہی۔

امریکی شہر شکاگو کے امیریکن کالج آف کارڈیالوجی کی ایک کانفرنس میں پیش کردہ ان نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے ماہر امراض دل برینٹ موہلسٹائن نے کہا کہ گو یہ محض ایک مشاہداتی مطالعے کے نتائج ہیں، تاہم اس مفروضے کی صداقت کو سائنسی بنیادوں پر پرکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلینیکل تجربات سے اس مشاہدے کے نتائج کو قبول یا مسترد کیا جا سکتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید