1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہالینڈ میں سکھ برادری

13 فروری 2007

یورپی یونین کے رکن ملک ہالینڈ کی کل آبادی تقریباً 17 ملین ہے۔کل آبادی میں غیر ملکیوں یا پھر غیر ملکی نسل کے مقامی باشندوں کی تعداد تین سے چار ملین تک بنتی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYHh
تصویر: AP

ہالینڈ میں رہائش پذیر سکھ مذہب کے پیروکار غیر ملکیوں کی تعداد آٹھ سے دس ہزار کے قریب ہے۔دی ہیگ میں سکھ برادری کے نمائندے اور معروف سماجی کارکن وکرم پال سنگھ کے بقول ہالینڈ میں تارکین وطن کے لئے حالات ابھی بھی کافی سازگار ہیں۔تا ہم انہوں نے ڈچ شہریوں کی اکثریت کو سکھ مذہب اور سکھوں کے رہن سہن سے متعارف کروانے کے لئے ایک ویب سائٹ تیار کی ہے۔

وکرم سنگھ نئی دہلی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم بھارت میں مکمل کی اوراعلی تعلیم کے لئے ہالینڈ آگئے۔دی ہیگ میں سکونت اختیار کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعلیم کا سلسلہ شروع کیا۔وہ پیشے کے اعتبار سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہر ہیں اور ساتھ ساتھ جائداد کی خرید وفرخت کا کاروبار بھی کرتے ہیں۔


وکرم سنگھ کہتے ہیں کہ شروع میں پگڑی نے ان کے لئے بہت مسائل پیدا کئے۔پگڑی کی ہی وجہ سے حصول روزگار میں بھی شدید دشواریاں پیش آئیں۔چار سال تک انہیں کوئی باقاعدہ روزگار نہیں مل سکا۔
وکرم سنگھ اور ان کے دوستوں نےwww.sikhs.nl نامی ویب سائٹ اس لئے تیار کی کہ وہ ہالینڈ میں مقامی آبادی کے ساتھ سماجی تعلقات کو بہتر کر سکیں اور انہیں سکھ ثقافت کے بارے میں بتایا جا سکے۔