1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہاکی ورلڈ کپ: آسٹریلیا عالمی چیمپیئن

13 مارچ 2010

بارہویں ہاکی ورلڈ کپ کا اختتام ہو گیا ہے۔ آسٹریلیا کی پہلی اور پاکستان کی آخری یعنی بارہویں پوزیشن آئی ہے۔ جرمن ٹیم کو دوسرا مقام حاصل ہوا۔

https://p.dw.com/p/MS9f
تصویر: AP

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں تیرہ دنوں تک جاری رہنے والے ہاکی کے بارہویں ورلڈ کپ کا اختتام ہو گیا ہے۔ آسٹریلیا کی ہاکی ٹیم نئی ورلڈ چیمپیئن بن گئی ہے۔ دفاعی چیمپیئن اپنے اعزاز کو سنبھال نہیں سکی۔ جرمنی اور آسٹریلیا کی ہاکی ٹیمیں مسلسل ورلڈ کپ کا فائنل میچ کھیل رہی ہیں۔ اِس سے پہلے کھیلے جانے والے دو میچوں میں جرمن ٹیم فاتح رہی تھی۔

فائنل میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے ابتدا اور پہلے ہاف کے دوران جرمن ٹیم پر مسلسل دباؤ رکھا اور چھٹے منٹ میں ہونے والےگول کا وقفے تک بھرپور دفاع کیا۔ جرمن فارورڈ کھلاڑی گول نکالنے میں ناکام رہے لیکن دوسرے ہاف میں ان کی کوششیں کامیاب ہوئیں اور میچ کو برابر کردیا گیا۔ مگر آسٹریلوی کھلاڑیوں کے جارحانہ کھیل میں کمی نہ آئی اور جرمن ٹیم کے میچ برابر کرنے کے بارہ منٹ بعد پنالٹی کارنر سےگول کردیا گیا۔ یہی گول فتح کی ضمانت بنا۔ دوسرے گول کے باعث آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں فتح پائی۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسرا گول لیوک ڈونر نے کیا۔

Hockey England Australien Welt Cup 2010
آسٹریلوی کھلاڑی ورلڈ کپ کے دورانتصویر: UNI

بعد میں جرمن ٹیم نے ایک پنالٹی کار کو بھی ضائع کیا جو شاید میچ برابر کرنے کا سنہری موقع تھا۔ میچ میں جرمن گول کیپر ٹم ژیسوآلٹ کا کھیل شاندار رہا۔ انہوں نے اگر آسٹریلوی ٹیم کے فارورڈ کھلاڑیوں کو بارہا نہ روکا ہوتا تو ایک درجن گول ہو سکتے تھے۔ جرمن ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے زوردار کھیل پیش کیا۔

تیسری پوزیشن کا میچ انگلینڈ نے ہالینڈ کو ہرا کرجیتا اور کانسی کے تمغے کی حقدار ٹہری۔ انگلینڈ نے تین اور ہالینڈ کی ٹیم ایک گول کر سکی۔ کئی سالوں کے بعد ہاکی ورلڈ کپ میں یہ انگلینڈ کی انتہائی حوصلہ افزاء اور بہترین کارکردگی قرار دی جا سکتی ہے۔ سن اُنیس سو چھیاسی میں انگلینڈ نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

چوتھی پوزیشن ہالینڈ اور پانچویں ایک اور یورپی ملک سپین کی ٹیم نے حاصل کی ہے۔ چھٹی پوزیشن جنوبی کوریا کے حصے میں آئی۔ اب یہ پہلی چھ ٹیمیں اِس سال کی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کریں گی۔ چیمپیئنز ٹرافی رواں سال جولائی کے آخر میں جرمن شہر مؤنشن گلاڈباخ میں کھیلی جائے گی۔ اِس ٹورنامنٹ کی خاص بات پاکستان کی بارہویں پوزیشن ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان