1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہزاروں مزید روہنگیا بنگلہ دیش کے راستے میں ہیں، اقوام متحدہ

صائمہ حیدر
21 اکتوبر 2017

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ میں میانمار سے بنگلہ دیش ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد قریب پانچ لاکھ نوے ہزار ہو گئی ہے، جبکہ ہزاروں روہنگیا مہاجر بنگلہ دیش کے راستے میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/2mHYc
Bangladesch Rohingya fliehen aus Myanmar
تصویر: Reuters/J. Silva

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے بتایا ہے کہ انسانی بنیادوں پر کام کرنے والے اہلکاروں کے مطابق مزید ہزاروں روہنگیا مہاجرین میانمار سے بنگلہ دیش ہجرت کر رہے ہیں۔ اس سے قبل سات ہزار مہاجرین بنگلہ دیش کی سرحد پر چار دن پھنسے رہے جس کے بعد اب انہیں ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

فرحان حق کا کہنا ہے کہ صرف کوتوپالونگ ہی کے مقام پر نصف سے زائد روہنگیا مہاجرین قیام کر رہے ہیں۔ اس مقام پر شاہراہوں تک رسائی، بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ ڈھاکہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

دوسری جانب روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لیے وسائل متحرک کرنے کی غرض سے پیر 23 اکتوبر کو جنیوا میں ایک کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس کا مقصد فروری سن 2018 تک 1.2 ملین افراد کی امداد کے لیے 434 ملین ڈالر اکٹھے کرنا ہے۔

دو روز قبل اقوام متحدہ کے دو خصوصی مشیروں آڈاما ڈینگ اور ایوان سیمینووچ نے کہا تھا کہ میانمار کی حکومت ملکی ریاست راکھین میں روہنگیا مسلم اقلیت کو اس کے خلاف مظالم سے بچانے اور اس حوالے سے خود پر عائد ہونے والی بین الاقوامی ذمے داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی۔