1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہسپانوی شہزادی مشکل میں

بینش جاوید29 جنوری 2016

ہسپانیہ کی 50 سالہ شہزادی کرسٹینا موجودہ دور میں شاہی خاندان کی وہ پہلی فرد ہیں جن کے خلاف قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔ کرسٹینا اور ان کے شوہر پرمالی بدعنوانیوں اور ٹیکس چوری کے الزمات عائد ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Hlxh
Spanien Prozess Infantin Cristina und Inaki Urdangarin
تصویر: Reuters/M. del Pozo

اس ماہ کے آغاز میں کرسٹینا اور ان کے شوہراردانگرین پر یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ اُنہوں نے اپنے کاروبار میں ٹیکس چوری کی ہے۔ عدالتی کیس کے مطابق کرسٹینا کے شوہر جو کہ سابق اولمپکس گیم میں ہینڈ بال کے میڈل یافتہ کھلاڑی رہ چُکے ہیں، نے ایک فاؤنڈیشن کے چیئرمین ہونے کی حیثیت سے ٹیکس میں خوربرد کی تھی۔ ان پر نہ صرف ٹیکس چوری بلکہ اپنے اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال کرنے، دستاویزات کی جعل سازی اور منی لانڈرنگ کے بھی الزامات ہیں۔

پبلک پراسیکیوٹرز نے کرسٹینا کے خلاف الزامات عائد کرنے سے انکار کر دیا تھا، لیکن ہسپانوی قانون کے تحت نجی ادارے مجرمانہ شکایت دائر کر سکتے ہیں، اور ایسا ہی انسداد بدعنوانی کے ادارے، ’کلین ہینڈز‘ نے ہسپانوی شہزادی اور ان کے شوہر کے خلاف کیا۔

48سالہ اردانگرین نے ایک خیراتی ادارہ ’نوس انسٹیٹئوٹ‘ قائم کیا تھا۔ اور وہ 2004ء سے 2006ء تک اس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بھی رہ چُکے ہیں۔ اردانگری اور ان کے بزنس ساتھی پر 6.8 ملین ڈالر کی بدعنوانی کے الزامات ہیں۔ یہ رقم اس فاؤنڈیشن کو دو صوبائی حکومتوں نے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کروانے کے لیے دی تھی۔

اردانگرین پر لگے الزامات کے مطابق انہوں نے شاہی خاندان کے تعلقات کو استعمال کرکے اپنی فاؤنڈیشن کے لیے ناجائز بولیوں کے ذریعے کانٹریکٹ حاصل کیے اور یہ رقم اردانگرین کے ذاتی کاروبار، جسے وہ اپنی اہلیہ کرسٹینا کے ساتھ چلاتے ہیں میں شامل کر لی گئی۔ عدالت کے مطابق اس جوڑے نے اپنے ذاتی کاروبار کی رقم کو بارسلونا میں اپنے محل کی تزئین و آرائش ، اور ڈانس کلاسز پرخرچ کیا جس کی وجہ سے کمپنی کا قابل ٹیکس منافع کم ہو گیا تھا۔

جرم کے مرتکب قرار دیے جانے کی صورت میں کرسٹینا جنہوں نے عدالت میں اپنے شوہر کی سرگرمیوں سے لا علمی ظاہر کی ہے، انہیں 8 سال قید کی سزا جبکہ اردانگرین کو19 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔