1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہسپانوی فارورڈ فرنانڈو ٹورس اب چیلسی میں

1 فروری 2011

برطانیہ میں فٹ بال کھلاڑیوں کی کسی ایک کلب سے دوسرے کلب میں منتقلی کے لیے ادائیگی کا ریکارڈ پیر کے روز دو مرتبہ ٹوٹا جبکہ لیور پول نے 50 ملین پاؤنڈ کے عوض ٹورس کو چیلسی کو فروخت کیا اور نیوکاسل یونائیٹڈ سےکیرول کو خریدا۔

https://p.dw.com/p/108b1
تصویر: AP

فٹ بال کی دنیا کے ان دو معروف سٹرائکرز کے علاوہ چیلسی کی طرف سے ہی بینفیکا (Benfica) کلب کے دفاعی کھلاڑی ڈیوڈ لوئز کو خریدا گیا جس سے پیر کے روز، جو کھلاڑیوں کی کسی ایک کلب سے دوسرے کلب میں منتقلی کا آخری روز تھا، اس خرید و فروخت پر 100 ملین پاؤنڈ سے زیادہ خرچ کیے گئے۔ یہ رقم 160.5 ملین امریکی ڈالر کے قریب بنتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق چیلسی نے ٹورس کو اپنے کلب میں شامل کرنے کے لیے 50 ملین پاؤنڈ ادا کیے، جس سے اس خرید سے کچھ ہی دیر قبل برطانوی تاریخ میں کسی کھلاڑی کی مہنگی ترین منتقلی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ یہ ریکارڈ 22 سالہ اینڈی کیرول کی طرف سے لیورپول کے ساتھ ساڑھے پانچ سالہ معاہدے کی شکل میں بنا تھا۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے اس کے عوض 35 ملین پاؤنڈ حاصل کیے۔

Champions League FC Schalke 04 Benfica Lisbon 7.12.2010
چیلسی کی طرف سے بینفیکا کلب کے دفاعی کھلاڑی ڈیوڈ لوئز (دائیں)کو بھی خریدا گیاتصویر: picture-alliance/dpa

لیور پول کلب کے مینیجر کینی ڈالگلش کے خیال میں فرنانڈو ٹورس کی چیلسی کلب کو فروخت سے پیدا ہونے والا خلاء محض اینڈی کیرول کے ذریعے پُر نہیں ہو سکتا تھا۔ لہٰذا اس کلب نے یوروگوائے سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی لوئس سواریز کو Ajax سے 26.5 ملین پاؤنڈ کے عوض حاصل کیا۔

ان منتقلیوں کے بعد ممکنہ طور پر اب ٹورس اتوار کے روز چیلسی کی نیلی شرٹ پہنے لیور پول کے خلاف میدان میں اتریں گے، جب برطانوی پریمیئر لیگ کے سلسلے میں لیور پول اور چیلسی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس موقع پر چیلسی کے شائقین کی طرف سے ٹورس کو بھرپور انداز سے خوش آمدید کہا جائے گا۔

ٹورس نے چیلسی کلب کے ٹیلی وژن چینل پر اس منتقلی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’چیلسی جیسے کلب کے لیے کھیلنا میرے فٹ بال کیریئر میں آگے کی جانب ایک اہم قدم اور کامیابی ہے۔‘‘ ٹورس نے لیور پول کی جانب سے 142 میچ کھیلتے ہوئے 81 گول کر رکھے ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید