1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ہلاک شدگان کی تعداد پانچ سو ہو گی‘

عاطف بلوچ30 جون 2016

اطالوی حکام نے گزشتہ برس اپریل میں مہاجرین کی ایک کشتی کے سمندر برد ہونے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد کم کر دی ہے۔ نئے اندازوں کے مطابق بحیرہ روم میں پیش آنے والے اس حادثے میں امکاناً پانچ سو افراد مارے گئے ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1JH05
Italien Flüchtlinge Unglück Bergung
تصویر: picture alliance/dpa/Italian Navy Press Office

خبر رساں ادارے اے پی نے اطالوی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اٹھارہ اپریل سن دو ہزار پندرہ کو رونما ہونے والے اس حادثے کے نتیجے میں آٹھ سو افراد کے مارے جانے کا امکان نہیں ہے۔

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والی اس کشتی میں سات سو سے آٹھ سو مہاجرین سوار تھے۔ امدادی کارکن صرف اٹھائیس افراد کو بچا سکے تھے جبکہ صرف 169 لاشیں برآمد ہو سکی تھیں۔

بحیرہ روم میں رونما ہونے والے اس بدترین حادثے کے نتیجے میں یورپی ممالک نے سمندری نگرانی کو مزید بہتر بنانے کا عہد کیا تھا جب کہ متعدد ممالک نے ریسکیو آپریشن میں شامل اپنی بحری فورس میں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

اطالوی حکام نے بتایا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کو سمندر سے نکال لیا گیا ہے اور اس کے معائنے اور سائز سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں پانچ سو کے قریب افراد ہی سوار ہوں گے۔

شمالی افریقی ملک لیبیا سے ہزاروں افراد کشتیوں پر سوار ہو کر یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کئی واقعات میں کشتیوں کو پیش آنے والے حادثات کی وجہ سے سینکڑوں افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

بحیرہ روم میں ڈوبنے والی زیادہ تر کشتیوں کو سمندر کی تہہ سے نکالا بھی نہیں جاتا جبکہ مرنے والوں کی شناخت بھی ممکن نہیں ہو سکتی۔ تاہم اٹلی نے عہد کیا تھا کہ مہاجرین کے بحران میں اس بدترین حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کو بازیاب کیا جائے گا اور مرنے والے افراد کی شناخت کی کوشش کی جائے گی۔

Italien Flüchtlinge Unglück Bergung
تصویر: picture alliance/dpa/Italian Navy Press Office
Italien Flüchtlinge Unglück Bergung
تصویر: picture alliance/dpa/Italian Navy Press Office
Italien Flüchtlinge Boot Katastrophe 700 Tote Menschen
تصویر: Getty Images/Afp/Matthew Mirabelli
Symbolbild Flüchtlingsboot Mittelmeer
تصویر: Opielok Offshore Carriers/dpa
Rettungsaktion Lampedusa
تصویر: picture-alliance/dpa/Guardia Di Finanza

روم حکومت نے اس کشتی کو سمندر کی تہہ سے نکالنے اور لاشوں کی شناخت کی خاطر 9.5 ملین یورو کی رقوم مختص کی تھی۔ کوشش ہے کہ ہلاک شدگان کا ایک ڈیٹا بیس بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے اس حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے ممکنہ لواحقین سے بھی مدد طلب کی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے اعداد وشمار کے مطابق انیس اپریل سن 2015 سے اب تک تقریبا چار ہزار نو سو سینتیس افراد مہاجرت کے اس سفر کے دوران بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ افراد شمالی افریقہ سے یورپ پہنچنے کی کوشش میں مارے گئے ہیں۔ تاہم انسانی حقوق کے متعدد کارکنان کے مطابق اس بحران میں ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں