1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہمارے سفارت خانے مجرموں کی پناہ گاہیں، سری لنکن وزیر خارجہ

Irene Banos Ruiz ع ب
5 مئی 2017

سری لنکا کے وزیر خارجہ منگلا سماراویرا نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے بیرونی دنیا میں قائم سفارت خانے مجرموں کی پناہ گاہیں بن چکے ہیں۔ ان کے مطابق کولمبو میں گزشتہ حکومت نے ان سفارت خانوں کو مجرموں کے محفوظ ٹھکانے بنا دیا۔

https://p.dw.com/p/2cTnA
Flucht von Zivilisten in Sri Lanka
تامل خانہ جنگی کے آخری مہینوں میں لاکھوں شہری بے گھر ہو گئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa

جنوبی ایشیا کی اس جزیرہ ریاست کے دارالحکومت کولمبو سے جمعہ پانچ مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ملکی وزیر خارجہ منگلا سماراویرا نے آج قومی پارلیمان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کی گزشتہ حکومت نے بیرونی دنیا میں قائم سری لنکن سفارت خانوں کو ’’قاتلوں، مجرموں اور خانہ جنگی کے دوران شدید نوعیت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے لیے محفوظ پناہ گاہوں‘‘ میں بدل دیا تھا۔

Sri Lanka Besuch Steinmeier in Colombo
وزیر خارجہ سماراویرا، دائیں، موجودہ جرمن صدر شٹائن مائر کے ساتھ، فائل فوٹوتصویر: Reuters/D. Liyanawatte

سماراویرا نے ارکان پارلیمان کو بتایا، ’’ہمارے بیرون ملک سفارت خانے بہت سے ایسے مجرموں کے محفوظ ٹھکانے بن گئے، جن میں قاتلوں کے علاوہ اندرون ملک انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کو جگہ دی گئی۔‘‘

منگلا سماراویرا نے کہا، ’’ان افراد کو دراصل سابق ملکی صدر مہیندا راجاپاکسے کے دور اقتدار میں، جس میں تامل خانہ جنگی کے تنازعے کو فوجی طاقت سے حتمی طور پر کچل دیا گیا تھا، کئی طرح کے جرائم کے ارتکاب اور عشروں پرانی خانہ جنگی کے آخری عرصے میں ان کے کردار پر حکومت کی طرف سے نوازا گیا تھا۔‘‘

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ سری لنکن وزیر خارجہ نے ملکی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے یہاں تک کہا کہ راجاپاکسے دور میں کولمبو حکومت نے برازیل میں تعینات کیے گئے ایک نائب سفیر اور جرمنی میں سفارتی عملے کے طور پر تعینات کیے جانے والے دو افراد کو محض اس لیے سرکاری طور پر وہاں بھیجا کہ یہ افراد مشتبہ طور پر جنگی مجرم اور قاتل تھے۔

Sri Lanka Präsident Mahinda Rajapakse
سری لنکا کے سابق صدر مہیندا راجاپاکسےتصویر: picture alliance/Photoshot

سماراویرا نے ایوان پارلیمان میں یہ بھی کہا کہ راجاپاکسے حکومت کی طرف سے برازیل میں سری لنکا کے نائب سفیر کے طور پر تعینات کیا جانے والا سفارتی اہلکار نہ صرف 2009ء میں ختم ہونے والی ملکی خانہ جنگی کے اختتامی عرصے میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا تھا بلکہ اس پر یہ الزام بھی ہے کہ اس نے سری لنکن سفارت خانے کے ایک دوسرے اہلکار کو قتل بھی کر دیا تھا۔

اے ایف پی کے مطابق راجاپاکسے نے جن دو افراد کو جرمنی میں سری لنکن سفارت کار تعینات کیا، وہ 2009ء ہی میں کیے جانے والے ایک اخباری ایڈیٹر کے قتل کے مرکزی مشتبہ ملزم تھے۔ یہ قتل سری لنکا کے ایک اخبار کے معروف ایڈیٹر لسنتھا وکرماٹنگے کا قتل تھا، جو راجاپاکسے کی پالیسیوں کے وجہ سے ان کے ایک بڑے ناقد تھے۔ ان نام نہاد سری لنکن سفارت کاروں کے بارے میں بھرپور بین الاقوامی تنقید اور کئی حقائق کے منظر عام پر آنے کے بعد سے برلن میں تعینات رہنے والے ان دونوں سفارتی اہلکاروں کو قتل کے الزام میں حراست میں لیا جا چکا ہے۔

سری لنکا کے سابق صدر راجاپاکسے اور ان کے خاندان کے کئی افراد کے خلاف اس وقت اس حوالے سے جامع تحقیقات جاری ہیں کہ وہ 2015ء میں اختتام کو پہنچنے والے راجاپاکسے کے دور صدارت میں وسیع تر فراڈ اور قتل کے کئی واقعات میں ملوث تھے۔