1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہندو یاتریوں پر حملے میں لشکر طیبہ ملوث ہے، بھارتی پولیس

11 جولائی 2017

بھارتی پولیس حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں گزشتہ روز ہندو یاتریوں پر ہونے والے حملے میں مبینہ طور پر پاکستان سے کارروائیاں کرنے والا عسکریت پسند گروہ لشکر طیبہ ملوث ہے۔

https://p.dw.com/p/2gK5g
Indien Pilger in Kaschmir, Anschlag in Amarnath
تصویر: Reuters/D. Ismail

گزشتہ رات بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے سات ہندو یاتری ہلاک اور انیس زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ حملہ اُس وقت ہوا جب ہندو زائرین کی ایک بس اننت ناگ کے علاقے سے گزر رہی تھی۔

آج منگل کے روز قریب تین ہزار ہندو یاتریوں نے اس مذہبی سفر کو جاری رکھتے ہوئے امر ناتھ غار کی زیارت کی جو ہندو مذہب کے مطابق بھگوان شِیو سے منسوب ہے۔

سینئیر انڈین پولیس افسر منیر خان نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کے پاس ایسی قابل اعتماد معلومات ہیں کہ اس حملے میں لشکر طیبہ ملوث ہے اور یہ کہ حملے کے ماسٹر مائنڈ کے طور پر پاکستانی عسکریت پسند ابو اسماعیل کا نام سامنے آ رہا ہے۔

دوسری جانب عسکریت پسند گروپ لشکرِ طیبہ کے ترجمان عبداللہ غزنوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حملے اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔

لشکر طیبہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سرگرم عسکریت پسند گروہوں میں سے ایک ہے۔

Indien Pilger in Kaschmir, Anschlag in Amarnath
آج منگل کے روز قریب تین ہزار ہندو یاتریوں نے اس مذہبی سفر کو جاری رکھتے ہوئے امر ناتھ غار کی زیارت کیتصویر: Reuters/D. Ismail

بھارتی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ لشکر طیبہ نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں متعدد تربیتی کیمپ قائم کر رکھے ہیں۔ یاد رہے کہ سن 2000 میں ہندو مذہب میں مقدس سمجھے جانے والے امرناتھ کے مقام پر ایک حملے میں 32 ہندو زائرین مارے گئے تھے۔ امرناتھ مندر ہمالیہ ریجن میں قریب چار ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ ہر سال ہزاروں ہندو زائرین بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پہاڑ کی چوٹی پر واقع قدرتی طور پر بنے ایک برفانی عکس کی زیارت کے لیے آتے ہیں جو اُن کے عقیدے کے مطابق بھگوان شیو سے منسوب ہے۔

یہ سفر ہر سال اُس دوران کیا جاتا ہے جب راستوں پر زیادہ برف بھی نہ ہو اور اتنی گرمی بھی نہ پڑے کہ برف سے بنی شبیہ پگھل جائے۔

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے علاقے میں سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے نئی دہلی میں  اعلٰی سکیورٹی اہلکاروں کی میٹنگ طلب کی ہے۔