1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگری، اسمگلروں کے بین الاقوامی گروہ کے تین ارکان گرفتار

30 نومبر 2017

ہنگری میں شام سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو نصف ملین یورو اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ یہ افراد مبینہ طور پر انسانوں کی اسمگلنگ کے ایک بین الاقوامی گروہ کا حصہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/2oXO1
Ungarn Polizisten verhaften Flüchtlinge an der Grenze zu Serbien
تصویر: Getty Images/AFP/A. Kisbenedek

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ہنگری کی پولیس کی جانب سے کی گئی اس کارروائی میں خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ گرفتاریاں اطالوی سکیورٹی حکام کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں کی گئی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ تینوں شامی باشندے مبینہ طور پر منشیات اور انسانوں کی اسمگلنگ کے ایک بین الاقوامی گروہ کا حصہ تھے۔ تاہم یہ لوگ اس گروہ کے لیے پیسے اسمگل کرنے کا کام سرانجام دیتے تھے۔

سرحد پار کرنے کی کوشش ’مہنگی‘ پڑ سکتی ہے

ہنگری کی پولیس نے ان افراد کی گرفتاری کے بارے میں معلومات آج تیس نومبر بروز جمعرات پر جاری کی ہیں۔ ان افراد کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ان افراد کے قبضے سے نصف ملین یورو نقدی برآمد کی گئی۔ اسمگلروں کے زیر قبضہ اس رقم میں سے دو لاکھ یورو کے بینک نوٹوں کے سیریل نمبروں کو متعلقہ یورپی حکام نے بلاک کر رکھا تھا۔ علاوہ ازیں ان شامی باشندوں کے پاس تین کلوگرام وزن کے برابر سونے کے زیورات بھی تھے۔

انٹرپول کی کارروائی، اسمگلروں کی قید سے 500 افراد رہا

اطالوی حکام کے مطابق اسمگلروں کا یہ بین الاقوامی گروہ انسانوں اور منشیات کی اسمگلنگ کے علاوہ غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت کا کاروبار بھی کرتا ہے۔ اطالوی شہر میلان کی ایک عدالت نے اس گروہ کے مزید تیرہ مفرور ارکان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔ حکام کے مطابق ہنگری سے گرفتار کیے گئے یہ تینوں شامی شہری مبینہ طور پر انسانوں اور منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے اسی جرائم پیشہ گروہ سے تعلق رکھتے ہیں۔