1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگری: مہاجرین کی آباد کاری کے خلاف قانون منظور نہ ہو سکا

صائمہ حیدر
8 نومبر 2016

ہنگری کے وزیرِ اعظم وکٹر اوربان کی جانب سے ملکی پارلیمنٹ میں مہاجرین کی آبادکاری پر ایک آئینی ترمیم کے ذریعے پابندی عائد کرنے کا منصوبہ ناکام ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2SKCM
Ungarn Victor Orban
وکٹر اوربان کو ملک میں مہاجرین کی آباد کاری کا قانون منظور کروانےکے لیے دو مزید ووٹوں کی ضرورت تھیتصویر: picture alliance/AA/D. Aydemir

مجوزہ آئینی ترمیم کو ہنگیرین پارلیمنٹ کی کُل ایک سو نناوے نشستوں میں سے ایک سو اکتیس ووٹ حاصل ہوئے۔ پینسٹھ اعشاریہ ساٹھ فیصد اُس مطلوبہ دو تہائی فیصد سے ذرا سی ہی کم ہے جو قانون میں تبدیلی کے لیے درکار تھی۔ ہنگری کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے رائے شماری کا بائیکاٹ کیا تھا۔

مہاجرین کی یورپ میں منصفانہ تقسیم کے یورپی یونین کے منصوبے کی مسلسل مخالفت کرنے والے وکٹر اوربان کو ملک میں مہاجرین کی آباد کاری کا قانون منظور کروانےکے لیے صرف دو مزید ووٹوں کی ضرورت تھی۔ جس کے بعد انہیں اِس بل کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہو سکتی تھی۔

مہاجر مخالف یوبک جماعت اِس حوالے سے اوربان کی فطری اتحادی ہے لیکن فی الوقت یہ سوشلسٹوں کے ساتھ ملک کی دوسری سب سے مقبول جماعت بننے کی کوشش میں مصروف ہے۔ رواں ماہ اوربان کو یوبک جماعت کی طرف سے اُس وقت دھچکا لگا جب یوبک کے سربراہ گابور وونا نے اوربان سے براہِ راست ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا کہ اُن کی جماعت صرف اس صورت میں قانون کے حق میں ووٹ دے گی اگر حکومت دولت مند غیر ملکیوں کے لیے بنائی گئی متنازعہ ’’ کیش فار ریزیڈنسی بانڈ‘‘ اسکیم کو ختم کر دے اور اِن میں خاص طور سے روس، چین اور مشرقِ وسطی کے ممالک کو شامل کیا جائے۔

Flüchtlinge Migration Kroatien Grenze Ungarn
ہنگری نے مہاجرین کے لیے یورپی یونین کے کوٹا سسٹم کی مخالفت کی تھیتصویر: picture-alliance/AP Photo/P.David Josek

 یوبک ایک عرصے سے ہنگری میں رہائش کے لیے اِس بانڈ اسکیم کی مخالفت کرتی آ رہی ہے۔ پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ بانڈ مشکوک غیر ملکی کمپنیوں کے ذریعے خریدا جاتا ہے اور یہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ بھی بن سکتا ہے یہاں تک کہ جہادی تنظیم اسلامک اسٹیٹ بھی اِسے اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔

یوبک پارٹی کے سربراہ وونا کا کہنا تھا،’’ نہ امیر اور نہ ہی غریب مہاجرین کو ہنگری میں آباد ہونے کی اجازت ہونی چاہیے۔‘‘ ہنگری میں بر سرِ اقتدار جماعت ’فی ڈیس‘ اور مہاجر مخالف جماعت ’یابک‘ کے درمیان اقتدار کے لیے جدوجہد بھی جاری ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ آج بروز منگل آٹھ نومبر کو ہنگیرین پارلیمنٹ میں مہاجرین کے مسئلے پر قانون پاس کرنے کے لیے ہونے والی ووٹنگ ملک میں سن دو ہزار اٹھارہ میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے منظر نامہ تیار کر دے گی۔