1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگری کے خلاف جرمنی کی تین گول سے فتح

30 مئی 2010

فٹ بال کے عالمی کپ کے لئے اپنے سکواڈ کو حتمی شکل دینے سے قبل ہفتے کے روز ایک دوستانہ میچ میں جرمنی نے ہنگری کو صفر کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/Ncx5
تصویر: AP

ہنگری کے دارالحکومت بوداپیسٹ میں ہونے والے اس میچ کے چوتھے منٹ میں جرمن کھلاڑی پوڈولسکی نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جبکہ کھیل کے 69 ویں اور73 ویں منٹ میں گومیس اور کاکا ؤ نے ایک ایک گول کر کے اس برتری کو ناقابل تسخیر کر دیا۔

ہنگری کے گول کیپر کے شاندار کھیل کے باعث یہ جیت تین گولوں تک ہی محدود رہی ورنہ گولوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں ہنگری کے گول کیپر Gabor Kiraly نے متعدد یقینی گول بچائے۔ کھیل میں جرمن ٹیم کے سترہ رکنی دستے کی طرف سےکھیل کے دوران متعدد تبدیلیاں بھی کی گئیں۔

Michael Ballack
میشاعیل بالاک زخمی ہونے کے باعث ورلڈ کپ نہیں کھیل پائیں گےتصویر: picture alliance/dpa

کھیل کے پہلے ہاف میں اوسِل کی جگہ کاکاؤ کو میدان میں بھیجا گیا جبکہ دوسرے ہاف میں گومیس، کارکو مارین اور مارسیل جینسن کو میدان میں بھیجا گیا۔ جرمن کلب بائرن میونخ سے تعلق رکھنے والے دفاعی کھلاڑی ہولگرباڈشٹوبیر کو کھیل کے آخری بیس منٹوں کے لئے جرمنی کی نمائندگی کا موقع ملا۔

جرمن ٹیم کے اہم کھلاڑی میشاعیل بالاک کے زخمی ہونے کے سبب عالمی کپ نہ کھیل سکنے کی وجہ سے جرمن ٹیم یقینی طور پر ایک اہم کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے تاہم اس کھیل میں جرمن کھلاڑی انتہائی جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے دکھائی دئے۔ جرمن کوچ یواخم لوئیو نے جرمن ٹیم کے کھیل کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر/ خبررساں ادارے

ادارت : شادی خان سیف