1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگو میں خود کش بم حملہ، پانچ افراد ہلاک

24 مارچ 2011

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک پولیس اسٹیشن پر ایک موٹر گاڑی کی مدد سے کیے گئے خود کش بم حملے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ پچیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ آج جمعرات کی صبح ضلع ہنگو کے علاقے دو آبہ میں پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/10gcJ
تصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس خود کش حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جبکہ چار شہری ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی شدت سے پولیس اسٹیشن کے علاوہ اس کے ساتھ واقع دس گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

مقامی پولیس کے اعلیٰ اہلکار عبدالرشید نے بتایا،’ بمبار دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی میں سوار تھا، اس نے پولیس اسٹیشن کے نزدیک پہنچ کر گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ پچیس زخمی ہو گئے‘۔ انہوں نے بتایا کہ بظاہر بمبار کی کوشش تھی کہ وہ پولیس اسٹیشن کو براہ راست نشانہ بناتا تاہم وہ اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا کیونکہ راستے میں رکاوٹیں کھڑی تھیں۔

Selbstmordattentat in Pakistan
پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں طالبان اور القاعدہ کے حامی اس طرح کے حملے کرتے رہتے ہیںتصویر: AP

فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ ایک اور مقامی پولیس اہلکار محمد مسعود خان آفریدی نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں طالبان اور القاعدہ کے حامی اس طرح کے حملے کرتے رہتے ہیں۔ طالبان باغی اس طرح کے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکے ہیں۔ 2007ء میں حکومت پاکستان کی طرف سے طالبان جنگجوؤں کے خلاف شروع کیے گئے کریک ڈاؤن کے بعد سے اب تک کم ازکم چار ہزار ایک سو افراد خود کش حملوں اور دیگر پر تشدد کارروائیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں