1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہوائی جہازوں کی خریداری کے آرڈر میں بوئنگ کی اجارہ داری کو دھچکا

21 جولائی 2011

امریکن ایئر لائنز AAکی جانب سے یورپ کی ایئر بس کمپنی سے ہوائی جہازوں کی خریداری کے بڑے آرڈر سے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کی اجارہ داری کو ٹھیس پہنچی ہے اور وہ اس کے توڑ کے لیے نئی حکمت عملی پر غور کر رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/120tK
امریکی ایئر لائنز میں بوئنگ کی اجارہ داری کو خطرہ۔تصویر: picture alliance / dpa

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکن ایئر لائنز، جہازوں کی خریداری کے تاریخی آرڈر کے تحت، دو سو بوئنگ 737 اور دو سو ساٹھ ایئر بس A320 ہوائی جہاز خریدے گی۔ یہ یورپی کمپنی ایئر بس کی کامیابی اور بوئنگ کے لئے ایک سنگین دھچکا ہے،کیونکہ ابھی تک امریکن ایئر لائنز کا 600 سے زائد طیاروں پر مشتمل بیڑا صرف بوئنگ کا ہی فراہم کردہ تھا۔

دسمبر میں ایئر بس کی جانب سے زیادہ جدید اور ایندھن کے لحاظ سے باکفایت ‘‘A320 نیو’’ جہاز متعارف کرانے کے بعد اب تک سب سے زیادہ فروخت ہونے والا امریکا کا درمیانے سائز کا بوئنگ 737 شدید دباؤ کا شکار ہے۔ A320 جہاز سن 2015 سے دستیاب ہوگا اور اب تک دنیا بھر سے اس کی خریداری کے 1200 سے زائد آرڈر موصول ہو چکے ہیں۔ اس کی حریف کمپنی بوئنگ اب یہ سوچنے پر مجبور ہو گئی ہے کہ آیا ایئر بس کی طرز پر اپنے طیاروں کو جدید بنایا جائے یا پھر بالکل کوئی نیا جہاز تیار کیا جائے۔

Airbus A321 mit Bio-Kirosin
ایئربس کا امریکی مارکیٹ میں حصہ بڑھ رہا ہے۔تصویر: Lufthansa Bildarchiv

اگرچہ بوئنگ کی جانب سے نئے جہاز کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے تاہم بدھ کو کمپنی نے اعلان کیا کہ امریکن ایئر لائنز‍کو نئے اور زیادہ مؤثر انجنوں کے حامل ماڈل فراہم کیے جائیں گے۔ امریکی ایئر لائنز کے بیڑے میں 2009 کے بعد سے ایئر بس کا کوئی جہاز شامل نہیں کیا گیا تھا اور تجزیہ کاروں کے خیال میں ایئر بس کے 365 اضافی جہاز اور ایک سو بوئنگ 737 کا معاہدہ ایئر بس کی اہم کامیابی ہے۔

درجہ بندی کے عالمی ادارے اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کے مطابق اگرچہ یہ آرڈر بوئنگ اور ایئر بس کے درمیان تقسیم کیا گیا ہے مگر یہ ایئر بس کے لیے زیادہ سازگار ہے کیونکہ وہ امریکن ایئر لائنز کو اپنا صارف بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے، جہاں اب سے پہلے تک صرف بوئنگ کی اجارہ داری تھی۔

Flash Galerie Airbus A 321-100
امریکی ایئر لائنز کے بیڑے میں 2009 کے بعد سے ایئر بس کا کوئی جہاز شامل نہیں کیا گیا تھا۔تصویر: picture alliance / dpa

امریکن ایئر لائنز نے ان طیاروں کی لاگت کے بارے میں نہیں بتایا تاہم یہ کہا کہ اسے لیز معاہدوں کے ذریعے بوئنگ اور ایئر بس کے لیے 13 ارب یورو کی سرمایہ کاری دستیاب ہے، جو کہ پہلے 230 طیاروں کی خریداری کے لئے کافی ہوگی۔ کیپلر کیپیٹل مارکیٹس کے تجزیہ کار کرسٹوف مینارڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ نئے جہاز کی بجائے بوئنگ 737 کو اپ گریڈ کرنا ارزاں ہے مگر اس کی راہ میں سنگین تکنیکی چلینج درپیش ہیں۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید