1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیضے کی وبا کا ہیٹی کے دارالحکومت پر’حملہ‘

Kishwar Mustafa24 اکتوبر 2010

اقوام متحدہ نے ہیٹی کے دارالحکومت میں ہیضے کے کم ازکم پانچ کیسس کی تصدیق کر دی ہے۔ اس سے قبل ہیٹی کے شمالی اور مرکزی علاقوں میں ہیضے کی مہلک وبا کے اچانک پھیلاؤ کے نتیجے میں 220 جانیں ضائع ہو چُکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/PmQt
تصویر: AP

اقوام متحدہ کے اہلکاروں نے گزشتہ ہفتے کے روز ہی انتباہ کیا تھا کہ ہیٹی میں وبائی بیماری ہیضہ محض چند علاقوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے دارالحکومت پورٹ او پرانس تک پہنچنے کے امکانات قوی ہیں۔ آج اتوار کو اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیضہ پورٹ او پرانس تک پہنچ چکا ہے اور وہاں کم از کم پانچ نئے کیسس کا اندراج کیا گیا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ ہیٹی کے دارالحکومت میں ہیضے کے کیسس خلاف توقع نہیں ہیں کیونکہ اس علاقے میں پہلے سے ہی گوناگوں عفونت پائی جاتی تھی۔ ایک مثبت امر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عالمی ادارے کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ پورٹ او پرانس میں ہیضے کے کیسس کی تصدیق اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے جاری مینیجمنٹ سسٹم فعال ہے۔ اتوار کے روز ایک ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ہیٹی کے شمالی علاقے کے مرکزی ہسپتال سینٹ نیکولاس ہیضے کے شکار مریضوں سے مکمل طور پر بھر چکا ہے۔ یہاں مزید مریضوں کی ہر گز گنجائش نہیں ہے جبکہ اس علاقے کے دیگر طبی مراکز بھی ہیضے کے لاتعداد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے اور ان کو ضروری ادویات دینے کے عملی میں سخت مشکلات سے گزر رہے ہیں۔ یہاں بھی مزید مریضوں کی گنجائش ختم ہوتی جا رہی ہے۔

Cholerafälle in Haitis Hauptstadt
ہیضے کے مرض میں مبتلا ایک بچا ایک ہسپتال کے فرش پرتصویر: AP

دس ماہ قبل ہیٹی میں آنے والے زلزلے سے نہ صرف ملک کے بیشتر علاقے تہس نہس ہو گئے تھے بلکہ اُس وقت جہاں ملک کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچے، وہیں ملک کا صحت کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔

جنوری میں ہیٹی میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لئے ہیلتھ ٹیموں کو تعینات کیا گیا تھا تاہم گوناگوں بیماریوں نے اتنی بڑی تعداد میں انسانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے کہ ہیٹی جیسے پسماندہ ملک میں اس قسم کی وبا پر قابو پانا آسان نہیں ہے۔

Cholerafälle in Haiti
ہیضے کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہےتصویر: AP

ہیضے کی وبا پھیلنے کی ابتدائی خبریں سامنے آنے کے بعد ہیٹی کے صحت کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر گیبریل اور وزیر صحت الیکس لارسن کے مطابق ابتدائی معائنوں سے تو یہ پتہ چلتا ہے کہ ہیٹی میں ہیضے کی وبا ہی پھیل گئی ہے تاہم اس ملک میں اس خطرناک بیماری کی کوئی تاریخ نہیں ملتی۔

ڈاکٹر گیبریل کے مطابق متاثرہ افراد ہر عمر سے تعلق رکھتے ہیں مگر زیادہ تر متاثرین نوجوان اور بزرگ شہری ہیں۔

رواں سال کے ابتدا میں آنے والے زلزلے کے بعد حکام کوخطرہ تھا کہ ہیٹی میں وبائی امراض پھوٹ پڑیں گے مگر عالمی ادارہ صحت کے اقدامات نے اس خطرے کو ٹال دیا تھا۔

ہیضے کی بیماری گندے پانی کے ذریعے پھیلتی ہے اور اس کا براہ راست تعلق حفظان صحت کی خرابی سے ہوتا ہے۔ بر وقت علاج نہ ہو تو ہیضہ جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں