1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیلری کلنٹن نے ٹرمپ مخالف نئی سیاسی تحریک شروع کر دی

William Yang/ بینش جاوید DPA
16 مئی 2017

امریکا کی سابق وزیر خارجہ اور سابق صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے ملک میں ایک نئی سیاسی تحریک شروع کر دی ہے۔ ’’اون ورڈ ٹوگیدر‘‘ کا مقصد لوگوں کو سیاسی عمل میں شرکت پر آمادہ کرنے والے گروپوں کی حمایت ہے۔

https://p.dw.com/p/2d4CQ
Hillary Clinton
تصویر: picture-alliance/AP Images/M. Altaffer

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ہیلری کلنٹن کی ’’Onward Together‘‘ یعنی ’اب سے آگے ایک ساتھ‘ نامی یہ سیاسی تحریک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی مخالفت کرنے والوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے گی۔ ہیلری کلنٹن کا یہ اعلان گزشتہ برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست کے بعد ایک بار پھر ان کا سیاسی منظر پر نمایاں ہونے کا سبب بنا ہے۔

اس خبر کے اعلان کے لیے مختلف ٹویٹر پیغامات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے سابق صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا، ’’ہمیشہ سے زیادہ، میں سمجھتی ہوں کہ لوگوں کی شمولیت ہماری جمہوریت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ میں اس سے بہت متاثر ہوں کہ اب ہر کوئی آگے بڑھ رہا ہے اور قیادت کر رہا ہے۔‘‘

ٹویٹر پیغامات کے اس سلسلے میں سابق خاتون اول اور سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا مزید کہنا تھا، ’’یہ سال اُس طرح نہیں رہا جیسا میں نے تصور کیا تھا لیکن مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ جس کے لیے میں جدوجہد کر رہی ہوں، ایک مہربان، وسیع القلب اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا امریکا۔ اون ورڈز!‘‘

USA Hillary Clinton in Capitol Hill
سابق امریکی وزیر خارجہ اور سابق خاتون اول ہیلری کلنٹنتصویر: picture-alliance/newscom/K. Dietsch

کلنٹن نے خاص طور پر پانچ گروپوں کا ذکر کیا جنہیں یہ نئی تحریک تعاون فراہم کرے گی۔ ان میں  ’’انڈی ویزیبل‘‘ نامی گروپ بھی شامل ہے جس کا اعلانیہ مقصد ہے ’’ٹرمپ کی مزاحمت کرنا‘‘۔ اس کے علاوہ نسلی انصاف کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’’کلر فار چینج‘‘ اور ڈیموکریٹک پارٹی کا خواتین کی تربیت کا ایک صف اول کا پروگرام ’’ایمَرج امیریکا‘‘ بھی شامل ہے۔

 نوجوان لوگوں کو دفاتر چلانے کی تربیت اور مدد فراہم کرنے والا گروپ ’’رَن فار سم تھِنگ‘‘ اور ’’سُوئنگ لیفٹ‘‘ نامی تحریک جو 2018ء میں امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی ایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے، ہلیری کلنٹن کی اس سیاسی تحریک سے براہ راست سپورٹ حاصل کرے گی۔ کلنٹن کے مطابق بعض معاملات میں ان تنظیموں کو براہ راست فنڈنگ بھی فراہم کی جائے گی۔

ہوفِنگن پوسٹ کے مطابق ’’اون ورڈ ٹوگیدر‘‘ کو ایک سوشل ویلفیئر، نان پرافٹ تنظیم کے طور پر رجسٹر کرایا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ تنظیم ڈونرز کے نام آشکار کیے بغیر کسی سے بھی فنڈنگ حاصل کر سکتی ہے۔