1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیمبرگ اور سینٹ پاؤلی کا میچ بارش کی نذر

7 فروری 2011

جرمن فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے اکیسویں میچ ڈے میں ہیمبرگ اور سینٹ پاؤلی کے درمیان میچ بارش کے باعث نہیں ہو سکا۔ اس کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/10Bol
تصویر: dapd

بنڈس لیگا میں اتوار کو اکیسویں میچ ڈے کے آخری روز دو میچ کھیلے جانے تھے۔ تاہم ہیمبرگ میں گزشتہ دو روز سے جاری شدید بارش کے باعث میچ ملتوی کرنا پڑا۔ اس کے لیے نئی تاریخ کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا۔

اتوار کو فرائی برگ اور فرینکفرٹ کے درمیان ہونے والا میچ صفر صفر سے بے نتیجہ رہا ہے۔ حسبِ معمول اس میچ ڈے کا آغاز جمعہ کو ہوا۔ اس کے پہلے میچ میں ڈورٹمنڈ اور شالکے کا میچ برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ تاہم اس مرتبہ کی قدرے ناقص کارکردگی کے باوجود بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی سبقت برقرار ہے۔ اسے 51 پوائنٹس حاصل ہیں۔

اس میچ ڈے کے دوسرے دِن ہفتہ کو کولون نے بائرن میونخ کو ہرایا۔ کولون کی جانب سے تین گول کیے گئے جبکہ میونخ کی ٹیم صرف دو گول کر سکی۔ اسی روز ہینوور نے وولفس برگ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔

مائنز اور بریمن کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ لیور کوزن نیوریمبرگ سے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہار گئی۔ ہفتہ ہی کو شٹٹ گارٹ نے مونشن گلاڈباخ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔

بنڈس لیگا کا پوائنٹس ٹیبل:

دوسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن 39 پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ سے ابھی بہت پیچھے ہے۔ لیور کوزن اس ہفتے کا میچ جیت کر ڈورٹمنڈ کے بے نتیجہ میچ کا کسی حد تک فائدہ اٹھا سکتی تھی، تاہم اس میں وہ ناکام رہی۔ ڈورٹمنڈ کی پوزیشن تاحال مستحکم ہے اور اسے پوزیشن چھِن جانے کا کوئی خطرہ نہیں۔

Fussball Bundesliga 2010/11 21. Spieltag SC Freiburg Eintracht Frankfurt
فرائی برگ اور فرینکفرٹ کا میچ برابر رہاتصویر: dapd

مائنز اور ہینوور 37 سینتیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پانچویں نمبر کی ٹیم بائرن میونخ کے پوائنٹس 36 ہیں۔ یعنی آئندہ میچ ڈے میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسری سے پانچویں پوزیشن تک صورت حال قدرے غیر یقینی ہے، بالخصوص لیور کوزن کو اپنی پوزیشن بچانے کے لیے زیادہ محنت کرنا ہو گی۔

لیگ میں چھٹے نمبر پر چونتیس پوائنٹس کے ساتھ فرائی برگ، ساتویں پر بتیس پوائنٹس کے ساتھ ہوفن ہائیم، آٹھویں پر تیس پوائنٹس کے ساتھ ہیمبرگ، نویں پر انتیس پوائنٹس کے ساتھ نیوریمبرگ اور دسویں پر ستائس پوائنٹس کے ساتھ شالکے کی جگہ فرینکفرٹ نے لے لی ہے۔ مونشن گلاڈ باخ سولہ پوائنٹس کے ساتھ سب سے نیچے، یعنی اٹھارھویں نمبر پر ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں