1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمن: صومالی مہاجرین پر فضائی حملہ، کم از کم 40 ہلاک

عاطف بلوچ، روئٹرز
18 مارچ 2017

یمنی بندرگاہی علاقے باب المنداب کے قریب صومالی مہاجرین کی ایک کشتی پر کیے گئے فضائی حملے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جمعرات کی شب ان مہاجرین کو ایک لڑاکا ہیلی کاپٹر نے نشانہ بنایا۔

https://p.dw.com/p/2ZT9Q
Jemen | Kampfhubschrauber tötet offenbar Dutzende Flüchtlinge
تصویر: Getty Images/AFP/STR

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان تارکین وطن کی ممکنہ منزل سوڈان تھی۔ حوثی باغیوں کے زیرقبضہ حدیدہ کے علاقے میں بہ طور کوسٹ گارڈ تعینات محمد العلی نے خبر رساں ادارے روئٹرزکو بتایا کہ ان مہاجرین کے پاس اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی جانب سے دی گئی دستاویزات بھی تھیں اور یہ یمن سے سوڈان جا رہے تھے، جب اپاچی ہیلی کاپٹر نے باب المنداب کے بحری علاقے میں ان کی کشتی پر بمباری کی۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40 بتائی ہے، جب کہ بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی نےبتایا ہے کہ اس فضائی حملے میں 33 مہاجرین ہلاک جب کہ دیگر انتیس زخمی ہوئے ہیں، جب کہ کشتی کے چند مسافر لاپتہ ہیں۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہوا ہے کہ یہ حملہ کس نے کیا۔

بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی کے مطابق، ’’ہم نہیں جانتے کہ کشتی پر بمباری کس نے کہ مگر بچ جانے والے افراد نے بتایا ہے کہ ان پر ایک کشتی نے بھی حملہ کیا، جب کہ کشتی کا عملہ چیخ چیخ کر بتاتا رہا کہ یہ ایک سویلین کشتی ہے۔ مگر اس سے کوئی فرق نہیں پڑا بلکہ ایک ہیلی کاپٹر نے بھی اس کشتی پر حملے میں حصہ لینا شروع کر دیا۔‘‘

Jemen Kampfhubschrauber tötet offenbar Dutzende Flüchtlinge
صومالی مہاجرین سوڈان جانا چاہتے تھےتصویر: Reuters/A. Zeyad

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے، ’’ہمیں اس واقعے پر افسوس ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ مہاجرین ایک کشتی کے ذریعے حدیددہ سے سفر کر رہے تھے۔‘‘

اس کشتی کے عملے میں شامل ابراہم علی سید نے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد 80 مہاجرین کو ریسکیو بھی کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین IOM نے بھی بتایا ہے کہ اس واقعے میں 31 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

جنیوا میں اس عالمی تنظیم کے ایک ترجمان جوئل میلمن نے بتایا، ’’ہمیں یمن سے چلنے والی مہاجرین کی ایک کشتی پر ایک ہیلی کاپٹر کے حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اس کشتی میں صومالی مہاجرین سوار تھے اور یہ سوڈان کی جانب جا رہی تھی۔‘‘ انہوں نے بتایاکہ بچائے جانے والے 80 مہاجرین کو حدیدہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔