1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ دوہزار آٹھ: دفاعی چیمپیئن یونان کو شکست

11 جون 2008

منگل کے روز اسپین نے روس کو اور سوئیڈن نے یونان کو شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/EHR8
سوئیڈن کی ٹیم ٹورنامنٹ کی ایک مضبوط ٹیم بن کر ابھر رہی ہےتصویر: AP

یورو کپ فٹ بال ٹورنامنٹ آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ میں زور و شور سے جاری ہے۔ منگل کے روز کھیلے جانے والے ایک میچ میں اسپین کی ٹیم نے روسی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ گروپ ڈی کے اس مقابلے میں اسپین کی جانب سے ڈیوڈ ولا نے یورو کپ دوہزار آٹھ کی پہلی ہیٹ ٹرِک کی۔ روس نے مقابلے کا آغاز اچھے انداز سے کیا مگر ہسپانوی ٹیم کے جارحانہ کھیل نے روسی دفاع کی دھجیاں اڑا دیں۔ میچ کے دوران شدید بارش کے باعث دونوں ٹیموں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔


ایک دوسرے میچ میں سوئیڈن کی ٹیم نے دفاعی چیمپیئن یونان کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ مستحکم بنا لی ہے۔ مبصرین کے مطابق پورے میچ میں یونان کی ٹیم انتہائی کمزور ٹیم کے طور پر سامنے آئی اور اِس ٹیم کو دیکھ کر یہ احساس نہیں ہوا کہ چار برس قبل اسی ٹیم نے پرتگال کی ٹیم کو ہرا کر یورو کپ جیتا تھا۔


بدھ کے روز کے اہم میچوں میں چیک رپبلک اور پرتگال کا مقابلہ ہوگا جب کہ دوسرا میچ سوئٹزر لینڈ اور ترکی کے مابین کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل چیک رپبلک سوئٹزر لینڈ کو اور پرتگال کی ٹیم ترکی کو ہرا چکی ہے۔