1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ 2016 ء کا پہلا میچ میزبان فرانس نے جیت لیا

کشور مصطفیٰ11 جون 2016

فرانس میں جمعے کی شب سے شروع ہونے والی یورو فُٹ بال چیمپیئن شپ کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے رومانیہ کو آخری لمحات میں گول کر کے شکست دے دی اور میچ کے ساتھ ساتھ فرانسیسی شائقین کے دل بھی جیت لیے۔

https://p.dw.com/p/1J4kz
تصویر: Reuters/C. Hartmann

پیرس میں کھیلے گئے گروپ اے کے اس میچ میں رومانیہ کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر فرانسیسی ٹیم نے اپنے لیے یورو کپ کا ایک خوش گوار آغاز کیا ہے۔ اس کی اس کامیابی کا سہرا فرانسیسی فٹ بالر ڈمیٹری پیٹ کے سر ہے۔ میچ کے ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے تک رومانیہ کی ٹیم سے ایک ایک گول کی برابری فرانسیسی کھلاڑیوں کا حوصلہ پست کرنے اور ان میں مایوسی اور بے چینی پیدا کرنے کا سبب نظر آرہی تھی۔ روشنیوں کے شہر پیرس کو ایک اُداس رات سے بچاتے ہوئے ڈمیٹری پیٹ نے جادوئی انداز سے آخری لمحات میں کھیل کی کایہ پلٹتے ہوئے ایک شاندار گول کر دیا اور یوں دیکھتے ہی دیکھتے پیرس اسٹیڈیم کا سماں ہی بدل گیا اور ’لے بلوز‘ یا ’فرنچ فار دا بلوز‘ ٹیم فتح و مسرت سے سرشار نظر آنے لگی۔

UEFA EURO 2016 - Frankreich vs. Rumänien
فرانسیسی شائقین کا جوش و خروشتصویر: Reuters/J. Sibley

میچ میں فرانس کی ٹیم نے پہلے ایک گول کر کے روماینہ پر سبقت حاصل کر لی تھی۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر گول کے برابر رہا لیکن دوسرے ہاف کے 57 ویں منٹ میں اولیور گیرو نے پہلا گول کیا۔ تاہم فرانسیسی ٹیم اپنی اس برتری کو محض 8 منٹ ہی برقرار رکھ سکی۔ یعنی 53ویں منٹ میں رومانیہ نے جوابی گول کر کے فرانسیسی فُٹ بالروں کو گہری مایوسی سے دو چار کر دیا۔ نیلی شرٹس نے ایڑھی چوٹی کا زور لگاتے ہوئے میچ کے 89 ویں منٹ میں گیند رومانیہ کے گول میں پہنچا ہی دی۔ یوں اسٹیڈیم میں موجود اور دنیا بھر میں ٹی وی اسکرین کے آگے بیٹھے نیلی شرٹس کے فینز میں خوشی کی ایک انوکھی لہر دوڑ گئی۔

UEFA EURO 2016
فرانس میں اس ایونٹ کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی افداماتتصویر: Reuters/C. Platiau

فرانسیسی کوچ ڈی ڈائر دسچیمپس نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلا میچ جیتنا اُن کی ٹیم کے لیے ایک اچھا شگون ہے۔

اس بار یورپی چیمپیئن شپ کا فرانس میں انعقاد دہشت گردانہ حملوں کے خوف کے سائے میں ہو رہا ہے۔ ملک بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس ایونٹ کے لیے قریب 90 ہزار سکیورٹی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پیرس میں 130 افراد کی ہلاکت کا باعث بننے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے فرانس میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔