1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی رہنما برطانوی عوام کو سزا دینے کی کوشش نہ کریں، مے

17 جنوری 2017

برطانوی وزیر اعظم ٹیریزا مے نے آج لندن میں اپنی ایک پالیسی تقریر میں کہا کہ برطانیہ یورپی یونین کی داخلی منڈی سے نکل جائے گا لیکن اُن کی خواہش ہے کہ وہ یورپی یونین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا ایک جامع سمجھوتہ طے کریں۔

https://p.dw.com/p/2VwwO
London Premierministerin Theresa May bei Rede zu Brexit
تصویر: Getty Images/K. Wigglesworth

برطانوی وزیر اعظم کے اس اعلان کے ساتھ ہی ان افواہوں کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے، جن کے مطابق یہ کہا جا رہا تھا کہ برطانیہ مکمل طور پر یورپی یونین سے علیحدہ نہیں ہو گا بلکہ یہ صرف ’سافٹ بریگزٹ‘ ہو گا۔ ٹریزا مے نے کہا کہ برطانیہ نہ تو محصولات کی یونین کی موجودہ شکل میں مزید اُس کا رکن رہنا چاہتا ہے اور نہ ہی یورپی عدالت کے فیصلوں کے آگے مزید سرِ تسلیم خم کرنا چاہتا ہے۔

 مے کے مطابق اب برطانیہ یونین کی جزوی یا ایسوسی ایٹ رکنیت کا بھی خواہاں نہیں۔ مے مارچ کے اواخر تک یونین چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیں گی، جس کے بعد یونین سے علیحدگی کی شرائط پر دو سالہ مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔ مے کے مطابق برطانیہ کو یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ کا  کوئی ایسا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، جس میں لندن کے مفادات کو نقصان پہنچتا ہو۔ 

مے نے 27 رکنی یورپی بلاک کے رہنماؤں کو خبردار کیا کہ برطانوی شہریوں کو بریگزٹ کے حق میں ووٹ دینے پر سزا دینے کی کوشش نہ کی جائے۔ دریں اثناء بریگزٹ کے حوالے سے یورپی یونین کے چیف مذاکرات کار نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی برطانیہ کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنا چاہتے ہیں اور یورپی یونین سے اخراج کا یہ عمل بآسانی مکمل کر لیں گے۔ تاہم یورپی پارلیمناٹ کے بریگزٹ سے متعلقہ مذاکرات کار کے مطابق مے کو یہ گمان نہیں کرنا چاہیے کہ یونین چھوڑ کر بھی وہ اس کی سہولتوں سے فائدے اٹھا سکیں گی۔

کہا کہ ایسا کوئی بُرا بریگزٹ معاہدہ کرنے سے بہتر ہو گا کہ اس سلسلے میں سرے سے کوئی سمجھوتہ کیا ہی نہ جائے۔

مے کی جانب سے یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ سے نکل جانے کے اعلان کے بعد جرمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا ہے کہ اب حالات مزید واضح ہو گئے ہیں اور جرمن کمپنیاں برطانیہ سے اپنا سرمایہ واپس لانے کا عمل شروع کر دیں گی۔ جرمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تجارتی شعبے کے سربراہ فولکر ٹریئر کا کہنا تھا، ’’اب برطانیہ میں جرمن کمپنیاں کم سرمایہ کاری کریں گی۔‘‘

برطانوی وزیراعظم کی اس تقریر کا شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا اور یہ امید کی جا رہی تھی کہ برطانیہ آزاد تجارتی معاہدے کرتے ہوئے بہت جلد بین الاقوامی معیشت میں عالمی کھلاڑی کے طور پر ابھرے گا۔ یہ توقع بھی کی جا رہی ہے کہ اس تقریر کے بعد برطانوی پاؤنڈ کی قدر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بریگزٹ برطانیہ کے لیے بہت اچھا قدم ثابت ہو گا اور دیگر یورپی ریاستوں کو بھی برطانیہ کے نقش قدم پر چلنا چاہیے۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ برطانیہ کے ساتھ نرم شرائط پر دو طرفہ تجارتی معاہدے کریں گے۔