1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی سمندروں کے درجہء حرارت میں تشویشناک اضافہ

14 ستمبر 2011

CLAMER یعنی کلائمیٹ چینج اینڈ یورپین میرین ایکو سسٹم ریسسرچ نامی منصوبے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں یورپ کے سمندروں میں بڑی تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/12YxI
تصویر: Henry Tenenbaum

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تبدیلیاں ناقابل تصور تیزی سے عمل میں آ رہی ہیں۔ برف کی تہیں پگھل رہی ہیں، سمندروں میں پانی کا درجہء حرارت بڑھتا جا رہا ہے جبکہ سمندروں میں پائی جانے والی آبی حیات اِن تبدیلیوں کے باعث یہاں سے نقل مکانی کر رہی ہے۔

اِس رپورٹ کی تیاری کے لیے سائنسدانوں نے یورپی یونین کے مالی وسائل سے تیار ہونے والے اُن مختلف تحقیقی جائزوں سے استفادہ کیا ہے، جن میں یورپ کے سمندری ماحول پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

اس رپورٹ کے سرکردہ مصنفین میں سے ایک Carlo Heip نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا:’’یہ تبدیلیاں واضح طور پر نظر آ رہی ہیں اور اِن کی رفتار اُس سے کہیں زیادہ تیز ہے، جتنی کہ ہم نے سوچا تھا کہ ممکن ہو سکتی ہے۔‘‘

سمندروں کے درجہء حرارت میں اضافہ خاص طور پر گزشتہ پچیس برسوں کے دوران دیکھنے میں آیا ہے، جب سے بحر شمالی میں برف کے پگھلنے کے عمل میں تیزی آئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمندروں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور زیادہ تیز ہواؤں کی وجہ سے یورپی ساحلوں کا پندرہ فیصد رقبہ کٹاؤ کی نظر ہو گیا ہے۔

سمندروں میں پانی کا درجہء حرارت بڑھتا جا رہا ہے جبکہ سمندروں میں پائی جانے والی آبی حیات اِن تبدیلیوں کے باعث یہاں سے نقل مکانی کر رہی ہے
سمندروں میں پانی کا درجہء حرارت بڑھتا جا رہا ہے اور اُن میں پائی جانے والی آبی حیات یہاں سے نقل مکانی کر رہی ہےتصویر: Fotolia/vlad61_61

مزید یہ کہ اِنہی گزرے پچیس برسوں میں درجہء حرارت میں اضافے کی رفتار بھی بیس ویں صدی کے اوسط کے مقابلے میں تقریباً دَس گنا زیادہ رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1986ء سے لے کر  2006ء تک یورپی سمندروں کی سطح کے درجہء حرارت میں باقی دُنیا کے مقابلے میں تین تا چھ گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گلیشئرز اور برف کی تہوں کے پگھلنے کے نتیجے میں صورتِ حال مزید غیر یقینی ہو گئی ہے۔ اب تک کے اندازوں کے مطابق سن 2100ء تک یورپی سمندروں میں پانی کی سطح ساٹھ سینٹی میٹر تک جبکہ کچھ برطانوی ساحلوں پر 1.9 میٹر تک بلند ہو جائے گی۔ سطح سمندر میں یہ اضافہ یورپ کے نشیبی علاقوں کی آبادیوں کو خطرے سے دوچار کر دے گا تاہم برطانیہ، فرانس اور ہالینڈ جیسے ممالک کم متاثر ہوں گے کیونکہ ان کے پاس مالی وسائل بہت ہیں اور یہ آسانی سے اپنے ساحلوں کی حفاظت کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کر لیں گے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں