1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی فٹ بال چیمپئین شپ: کروشیا کے ہاتھوں جرمنی کی شکست

13 جون 2008

سات جون کو شروع ہونے والی فٹ بال کی یورپی چیمپئین شپ کے ایک گروپ میں جمعرات کی رات کروشیا نےغیر متوقع طور پر جرمنی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/EIub
کلاگن فرٹ آسٹریا میں جرمنی کے ساتھ میچ کے دوران لی گئی کروشیا کے ایک فین کی تصویرتصویر: AP

فٹ بال کی یورپی چیمپئین شپ میں ابھی تک گروپوں کی سطح کے میچ کھیلے جارہے ہیں جن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ گروپ اے کی چار ٹیموں میں سے پرتگال اپنے اب تک کھیلے گئے دونوں میچ جیت کر قبل از وقت ہی کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکا ہےجبکہ سوئٹزرلینڈ کی ٹیم کا ان مقابلوں سے خارج ہوجانا قبل از وقت ہی طے ہو چکا ہے۔

جمعرات کی رات گروپ بی کے جو دو میچ کھیلے گئے ان میں جرمنی کا مقابلہ کروشیا سے اورآسٹریا کا مقابلہ پولینڈ سے تھا۔ پولینڈ اورآسٹریا کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا مگر جرمنی اور کروشیا کے درمیان مقابلے میں غیر متوقع طور پر کامیابی کروشیا کو ملی اور ایک بڑے اپ سیٹ کے اختتام پر جرمن ٹیم کروشیا سے ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہار گئی۔

گروپ بی سے محض دو میچ کھیلنے کے بعد کروشیا کی ٹیم کی چیمپئین شپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی یقینی ہو گئی ہے جبکہ اپنے دو میچوں میں سے ایک ہار جانے کے بعد جرمنی ابھی بھی اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دو دومیچ کھیلنے کے بعد آسٹریا اور پولینڈ ابھی تک صرف ایک ایک پوائنٹ حاصل کر پائے ہیں۔

جرمن ٹیم کی ناکامی کے بعد جرمن کوچ Joachim Löw نے کہا کہ کروشیا کی ٹیم واضح طور پر بہتر ٹیم تھی جس کے کھلاڑیوں نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور موقع ملنے پر بر وقت گول بھی کئے۔ یوآخم Löw نے کہا کہ پیر کے روزآسٹریا کے خلاف اپنےآخری گروپ میچ میں جرمن ٹیم کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کن صلاحیتوں کی مالک ہے۔ جرمن کوچ Löw کے بقول ماضی میں بھی جرمن ٹیم نے اپنی ناکامیوں سے ہمیشہ سبق سیکھا ہے اور جرمن ٹیم ان مقابلوں میں اپنی پوری طاقت سے واپس آئے گی۔

یورو کپ 2008 کے گروپ سی کے جمعہ کی رات سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مقابلوں میں اٹلی کا مقابلہ زیورچ میں رومانیہ سے ہوگا جبکہ بیرن میں ہالینڈ کی ٹیم فرانس کے مد مقابل ہو گی۔