1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین تقسیمِ مہاجرین کی تجویز ترک کرے: آسٹریا

2 اکتوبر 2016

آسٹرین وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ یورپی بلاک میں مہاجرین کی تقسیم کی اپنی غیر حقیقت پسندانہ تجویز کو ترک کرے کیونکہ اس منصوبے پر اختلافِ رائے ساری یورپی یونین کے اتحاد کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2QoUt
Österreich Sebastian Kurz
کرس کا مزید کہنا تھا کہ ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ بہت سے مہاجرین نے یورپی یونین کے بعض ممالک میں جانے سے انکار کر دیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/J. Klamar
Österreich Sebastian Kurz
کرس کا مزید کہنا تھا کہ ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ بہت سے مہاجرین نے یورپی یونین کے بعض ممالک میں جانے سے انکار کر دیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/J. Klamar

جرمنی کے روزنامے’’ ڈیلی ویلٹ اَم زونٹاگ ‘‘ سے بات کرتے ہوئے آسٹریا کے وزیرِ خارجہ زیباستیان کرس کا کہنا تھا کہ،’’ یورپی یونین کو اب اپنے اُس منصوبے سے ہاتھ اٹھا لینے چاہئیں جس کے تحت  اِس کے رکن ممالک میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار تارکینِ وطن کی تقسیم کی جانی ہے۔ کرس نے مزید کہا کہ اب تک محض اس تعداد کے ایک مختصر سے حصے ہی کو آباد کیا جا سکا ہے۔ آسٹرین وزیرِ خارجہ نے یورپی یونین کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ،’’ یہ تجویز قطعی طور پر غیر حقیقت پسندانہ ہے اور رکن ممالک کا اس منصوبے پر اختلافِ رائے ساری یورپی یونین کے اتحاد کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔‘‘

کرس کا مزید کہنا تھا کہ ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ بہت سے مہاجرین نے یورپی یونین کے بعض ممالک میں جانے سے انکار کر دیا ہے۔ توقع ہے کہ آسٹریا کے قدامت پسندانہ خیالات رکھنے والے وزیرِ خارجہ کے اس بیان کا بوڈا پیسٹ میں خیر مقدم کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ہنگری کے وزیرِ اعظم وکٹور اوربان نے مہاجرین کی یورپی یونین کے رکن ممالک میں منصفانہ تقسیم کے کوٹہ منصوبے کے خلاف سخت مہم چلا رکھی ہےاور توقع کی جا رہی ہے کہ آج ہنگری کے عوام کی ایک غالب اکثریت کے ساتھ یورپی یونین کے تجویز کردہ تارکینِ وطن کے کوٹہ سسٹم  منصوبے کو وہاں ہونے والے ایک ریفرنڈم میں مسترد کر دے گی۔

Budapest Ungarn Referendum Plakate
مہاجرت پر اوربان کے سخت گیر موقف نے وسطی یورپ میں ان کے اتحادیوں کا دل جیت لیا ہے تصویر: imago/EST&OST

کرس نے جرمن اخبار کو دیے اپنے انٹرویو میں تقسیمِ مہاجرین کے مسئلے پر ہنگری کی حکومت کے موقف پر تنقید کرنے سے بھی خبردار کیا۔ یاد رہے کہ ہنگری کے وزیرِ اعظم وکٹور اوربان  کا مہاجرین کی یورپ آمد اور آباد کاری پر موقف جرمن چانسلر کی تارکین وطن کی یورپ میں آزادانہ داخلے کی پالیسی کے بالکل برعکس ہے۔ کرس نے اخبار کو بتایا کہ،’’ اُس وقت صورتِ حال خطرناک ہو جاتی ہے جب یورپی یونین کے بعض رکن ممالک یہ جتانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کا اخلاقی معیار بعض دوسرے رکن ممالک سے زیادہ بلند ہے۔‘‘

مہاجرت پر اوربان کے سخت گیر موقف نے وسطی یورپ میں ایک طرف ان کے اتحادیوں کا دل جیت لیا ہے تو دوسری جانب یورپی یونین میں شامل مشرقی یورپ کے سابق کمیونسٹ ممالک بھی مہاجرین کی تقسیم کے حوالے سے یورپی یونین کی پالیسی کی مخالفت کر رہے ہیں۔