1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ : فضائی سفر میں سامان کی گمشدگی، ایک سنجیدہ مسئلہ

29 جولائی 2009

یورپی یونین میں ہوائی مسافروں کے سامان کھو جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے یونین کے ٹرانسپورٹ کے کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ مختلف فضائی کمپنیوں اس مسئلے کا سنجیدہ حل تلاش کرے۔

https://p.dw.com/p/IzlE
یورپی یونین میں غلط مقام پر پہنچنے والے بیگوں کی تعداد 10 ہزار ہےتصویر: dpa

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہوائی جہازوں میں سفر کرنے والے افراد کے ہر سال 33 ملین کے قریب بیگ کھو جاتے ہیں۔ مسافروں کی پریشانی اور ذہنی اذیت ایک طرف مگر فضائی کمپنیوں کو بھی کھوئے ہوئے سامان کو اس کے مالک تک پہچانے میں کافی مشکل اٹھانا پڑتی ہے۔

یورپی یونین کے ٹرانسپورٹ کمیشنر انٹونیو تاجانی نے اس ہفتے برسلز میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مختلف فضائی کمپنیوں کی جانب سے مسافروں کے سامان کھونے کے واقعات میں کمی لانے کے لئے کمیشن اس سے متعلق قانون میں تبدیلی پر غور کر رہا ہے۔ تاجانی کا کہنا ہے کہ دنیا بھرمیں ہرروز90 ہزار کے قریب بیگ کھو جاتے ہیں جبکہ یورپی یونین میں غلط مقام پر پہنچنے والے بیگوں کی تعداد 10 ہزار ہے۔

Großbritannien Wetter Nebel in Flughafen Heathrow Warten
سامان کی گمشدگی کے باعث مسافروں کو بھی مشکل اٹھانا پڑتی ہےتصویر: AP

’’ تحقیق یہ ثابت کرتی ہے کہ اس سلسلے میں کچھ اقدامات اٹھانا ہوں گے‘‘

یورپی کمیشن کے مطابق متاثرہ مسافر کھوئے ہوئے سامان کے بدلے زیادہ سے زیادہ 1100 یورو کی رقم کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ تاجانی کے مطابق گزشتہ موسم سرما میں سامان کھونے کی شرح فی ہزار مسافروں پر تیرہ بیگوں کی تھی۔

’’مجھے یہ ماننا پڑے گا کا یہ کام بہت ہی مشکل ہے، مگر میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ سامان کھو جانے کا کوئی براہ راست ذمہ دار ہے۔‘‘

یورپی یونین کے ٹرانسپورٹ کے کمیشنر نے مزید کہا کہ سامان کھو جانا نہ صرف مسافروں کے لئے انتہائی ناخوشگوار عمل ہے بلکہ یہ ائیر لائنز کو بھی کافی مہنگا پڑتا ہے۔ یورپی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 2008 میں جنوری سے اکتوبر کے دوران یورپی یونین کی 27 ریاستوں میں 4.6 ملین کے قریب بیگ اپنی منزل پر پہنچنے میں تاخیر کا شکار ہوئے۔

یورپی یونین کے کمیشنر برائے ٹرانسپورٹ نےکہا کہ سامان کے گم ہو جانے میں جرم کا عنصر شامل تو ہے مگر شائد یہ اتنا اہم نہیں ہے۔

امید کی جارہی ہے کہ اس پوری صورتحال میں بہتری کے لئے یورپی یونین فضائی کمپنیوں اور ان کے سامان سے متعلقہ شعبے کے لئے قوانین کو مزید سخت کرے گی تاکہ مسافروں کو ناحق پریشانی سے بچایا جاسکے۔

رپورٹ : میرا جمال

ادارت : عاطف بلوچ