1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوسف رضا گیلانی وزارت عظمی کےلئے نامزد

23 مارچ 2008

پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں آصف علی زرداری کا پیغام پڑھتے ہوئے وزارت عظمی کے امیدوار کے نام کا اعلان کیا۔

https://p.dw.com/p/DYDQ

پاکستان پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو ملک کے نئے وزیر اعظم کے لئے نامزد کر دیا ہے ۔ اپنی نامزدگی کے بعد یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ تمام جمہوری قووتوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے حق میں دعا کرے کہ وہ یہ ذمہ داری بہتر طریقے سے نبھا سکیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے بھی اس نامزدگی کی تصدیق کر دی ہے۔ یوسف رضا گیلانی اس سے قبل پیپلزپارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کے اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے عملی سیاست کا آغاز صدر ضیاءکے زمانے سے کیا تھا۔ وہ جنرل ضیاءکے دور میں وزیراعظم محمد خان جونیجو کی کابینہ میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے جامعہ پنجاب سے ایم اے صحافت کی ڈگری حاصل کی ۔ 1993 کے انتخابت میں وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ سے چوتھی مرتبہ رکن اسمبلی بنے اور اسپیکر کے عہدے پر فائز ہوئے ۔ 1997 کے انتخابات میں وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔

قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی جماعتوں کو بھاری اکثریت حاصل ہے ۔ جس کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یوسف رضا گیلانی با آسانی وزیر اعظم منتخب ہو جائیں گے۔ وزیر اعظم کے لئے انتخابات 25 مارچ کو ہو رہے ہیں۔