1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان: سرد موسم مہاجرین کی نقل مکانی کا سبب

صائمہ حیدر
29 نومبر 2016

یونان میں مقامی میڈیا کے مطابق تیزی سے نیچے گرتے ہوئے درجہء حرارت کے باعث خدشہ ہے کہ سردی سے متاثر  ہزاروں تارکینِ وطن سرد موسم کے لیے ناموزوں پناہ گاہوں کو چھوڑ کر سڑکوں پر نئے حفاظتی مراکز تلاش کرنے نکل کھڑے ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/2TSkP
Griechenland Malakasa Flüchtlingslager
بیشتر مہاجرین  ایسےخیموں میں رہنے پر مجبور ہیں، جہاں ہیٹنگ کا مناسب انتظام نہیں ہےتصویر: Getty Images/M. Bicanski

یونان کے دوسرے بڑے شہر تھیسالونیکی کے مئیر یانِس بوتارِس نے پیر اٹھائیس نومبر کی رات اپنے ایک بیان میں کہا، ’’شدید سردی سے بچنے کے لیے پناہ گزین تھیسالونیکی کے مرکزی علاقوں کا رخ کر سکتے ہیں۔‘‘ تھیسالونیکی شمالی ایجیئن کا مرکزی بندرگاہی شہر بھی ہے۔

گزشتہ دو روز میں یونان میں موسم تیزی سے تبدیل ہوا ہے اور شمالی یونانی علاقوں میں درجہ حرارت بیس ڈگری سینٹی گریڈ سے گر کر نقطہء انجماد سے بھی نیچے آ گیا ہے۔ ایتھنز سمیت جنوبی یونان میں درجہء حرارت ابھی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

 باسٹھ ہزار سے زیادہ مہاجرین اور تارکینِ وطن کئی ماہ سے یونان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اِن میں سے 17000 کے قریب ایجیئن جزائر پر قائم استقبالیہ مراکز میں رہائش پذیر ہیں۔ زیادہ تر پناہ گزین کو نامناسب حالات میں ایسی عمارتوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں گنجائش سے زیادہ افراد کو رکھا گیا ہے جبکہ بیشتر مہاجرین  ایسےخیموں میں رہنے پر مجبور ہیں، جہاں ہیٹنگ کا مناسب انتظام نہیں ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس مارچ کے مہینے میں ترکی اور یورپی یونین کے مابین طے پانے والے معاہدے کے بعد یورپ کا رخ کرنے والے تارکین وطن کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہ  گئیی ہے۔ لیکن معاہدے سے قبل ہزارہا تارکین وطن یونان پہنچ چکے تھے جو مغربی یورپ جانے کے راستے بند ہو جانے کے باعث ابھی تک یونان ہی میں پھنسے ہوئے ہیں۔