1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان: پاپاندریو کی اصل دوڑ وقت کے خلاف

22 جون 2011

یونانی وزیر اعظم جارج پاپاندریو اپنے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان کا سب سے بڑا حریف وقت ثابت ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/11hpq
یونانی وزیر اعظم جارج پاپاندریوتصویر: dapd

شدید مالیاتی مسائل کے شکار ملک یونان کی اصل دوڑ وقت کے خلاف ہے۔ جارج پاپاندریو کی حکومت پر ایتھنز میں قومی پارلیمان نے اکثریتی رائے سے اعتماد کا اظہار تو کر دیا ہے، لیکن اب انہیں ایک ایسے نئے بچتی پروگرام کے لیے پارلیمانی منظوری حاصل کرنا ہے، جس کے بغیر یورپی یونین کی طرف سے یونان کو ہنگامی مالی امداد کے طور پر 12بلین یورو کی اگلی قسط ادا نہیں کی جائے گی۔

NO FLASH Euro-Gruppenchef Jean-Claude Juncker
یورو گروپ کے سربراہ ینکر، دائیں، یونانی وزیر اعظم کے ہمراہتصویر: dapd

یونانی مالیاتی بحران، یورپی یونین اور یورو کے لیے بھی ایک بڑا امتحان ثابت ہو رہا ہے۔ یورو ریاستوں میں سے شدید مالی مسائل کا سامنا تو آئر لینڈ اور پرتگال کو بھی ہے جبکہ اسپین کی حالت بھی بہت اچھی نہیں ہے۔ لیکن آئر لینڈ اور پرتگال کے لیے ہنگامی امدادی پیکج اب تک اگر حالات کے مزید خراب ہونے کو روکنے میں مدد گار ثابت ہوئے ہیں، تو یونان میں نتائج اس کے برعکس رہے ہیں۔

یونان کے لیے یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF نے 110بلین یورو یا قریب 157بلین ڈالر کے جس پیکج کی منظوری دی تھی، اس کی شرائط پوری کرتے ہوئے ایتھنز حکومت کو ٹیکسوں میں اضافے اور اخراجات میں کمی کے ذریعے 28 بلین یورو کی بچت کرنا ہے جبکہ ریاستی اثاثوں کی نجکاری سے تقریباﹰ 50 بلین یورو کی آمدنی کو یقینی بنانا بھی ایتھنز حکومت کی ذمہ داری بن چکی ہے۔

Bundeskanzlerin und CDU-Vorsitzende Angela Merkel CDU-Generalsekretaer Hermann Groehe bei der CDU-Kreisvorsitzendenkonferenz in Berlin NO FLASH
جرمن چانسلر میرکل یونان کی فوری مدد کی حامی ہیںتصویر: dapd

پاپاندریو حکومت اب نئے بچتی پروگرام کی پارلیمانی منظوری سے جڑی 12بلین یورو کے قرضوں کی اگلی قسط حاصل کرنے کی دوڑ میں ہے۔ ایتھنز حکومت کو اب زیادہ سے زیادہ قریب دو ہفتوں میں نئے بچتی اقدامات کے لیے پارلیمانی حمایت حاصل کرنا ہے۔ اگر ایسا نہ ہو سکا تو یورپی یونین اور یورو زون کی رکن اس ریاست کے دیوالیہ ہو جانے کا خطرہ اور بھی حقیقی ہو جائے گا۔

ان دنوں یونانی حکومت یورپی یونین ، یورو زون اور IMF کے ساتھ جس نئے ہنگامی امدادی پیکج سے متعلق مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے، اس کی مالیت قریب 120 بلین یورو بنتی ہے۔ یونانی مالیاتی بحران کو کئی مہینے ہو چکے ہیں۔ یہ بحران دنوں اور ہفتوں میں مکمل طور پر ختم ہوتا نظر نہیں آتا۔ لیکن اس پر قابو پانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔ اس سے پہلے بدھ کو علی الصبح پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سے پہلے تک یہ خدشات بہت زیادہ ہو چکے تھے کہ اگر پاپاندریو حکومت ختم ہو گئی، تو یونان کے مسائل میں مزید اضافہ ہو جائے گا اور ساتھ ہی یورو کی ساکھ بھی بہت بری طرح متاثر ہو گی۔ ایسا نہ ہونا یونانی حکومت، یورپی یونین اور یورو کرنسی، سب کے لیے ایک اچھی خبر ہے لیکن اب تین جولائی کو یونان کے لیے ایک بڑا امتحان وہ ہوگا، جس میں یورو زون کے ملکوں کے وزرائے خزانہ ایتھنز کے لیے نئے ہنگامی امدادی پیکج سے متعلق حتمی فیصلہ کر یں گے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں