1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوگا کی بدولت بھارتی قیدیوں کی سزاؤں میں کمی

22 جنوری 2010

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ وہاں ریاستی جیلوں میں قید یوگا سیکھنے والے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کر دی جائے گی اور انہیں قبل از وقت رہائی مل سکے گی۔

https://p.dw.com/p/LdFr
ایک سادھومندرمیں یوگا کرتے ہوئےتصویر: AP

مدھیہ پردیش میں جیل خانہ جات کے انسپکٹر جنرل سنجے مانے نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ جو سزا یافتہ قیدی خود پر قابو پانے اور اپنے طیش کو کنٹرول کرنے کے لئے یوگا کے تربیتی کورسز میں حصہ لیں گے، انہیں جسمانی طور پر صحت مند رہنے کے علاوہ اپنے رویے کو پرسکون رکھنے اور ذہنی دباؤ میں کمی کے عمل میں بھی مدد ملے گی۔

Indischer Yoga Guru Baba Ramdev
گرو بابا رام دیو جو یوگا کے ماہر ہیںتصویر: AP

اسی لئے ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر وہ قیدی جو تین ماہ تک یوگا کے ایسے تربیتی پروگراموں میں حصہ لے گا، اس کی سزا میں ہر سہ ماہی کے بدلے پندرہ روز کی کمی کر دی جائے گی۔

سنجے مانے کے بقول ریاست کی جیلوں میں قیدیوں کو یہ مواقع بھی فراہم کئے جاتے ہیں کہ وہ اپنی سزا کے عرصے کے دوران تعلیمی پروگراموں میں حصہ لیتے ہوئے سکول اور کالج تک کی ڈگریاں بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ جہاں تک یوگا کے تربیتی کورسز کا تعلق ہے تو متعلقہ قیدی کی ایسے پروگراموں میں شرکت اور جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے اچھے کردار کی تصدیق کے بعد سزا یافتہ افراد اپنی قید کے عرصے میں واضح کمی کو یقینی بنا سکیں گے۔

مدھیہ پردیش میں سزا یافتہ مجرموں کی نفسیاتی اور سماجی تربیت کے نقطہ نظر سے اس پروگرام کا آغاز فی الحال تجرباتی طور پر صرف گوالیار شہر کی مرکزی جیل میں کیا گیا ہے۔ وہاں اس یوگا پروجیکٹ میں شرکت کے لئے اب تک قریب 400 قیدی اپنا اندراج کروا چکے ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک