1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اعصام الحق، یو ایس اوپن، US Open, pakistan

9 ستمبر 2010

امریکی شہر نیویارک میں کھیلے جا رہے ٹینس کے آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن میں مردوں کے کوارٹر فائنل مقابلے کل جمعہ کو ختم ہو جائیں گے۔ خواتین کے دونوں سیمی فائنل میچ جمعہ کو کھیلے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/P7KZ
تصویر: AP

رواں سال کا یو ایس اوپن ایک لحاظ سے سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام کے لئے اچھی خبر لایا ہے۔ پاکستان کے اعصام الحق قریشی اپنی پارٹنر کویٹا پیشکے کے ہمراہ مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ ان کا کوارٹر فائنل اور پھر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا بھی تاریخی تھا لیکن مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں پہنچنا ایک الگ بات ہے۔

مکسڈ ڈبلز کے سیمی فائنل میں اعصام الحق اور کویٹا پیشکے نے جرمن خاتون انا لینا گرؤنفیلڈ اور ان کے جوڑی دار بہاماز کے مارک نولز کو دو سیٹ میں ہرایا۔ دونوں سیٹوں میں اعصام اور کویٹا نے ٹائی بریک پر میچ جیتا۔ مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں ان کے پارٹنر بھارتی کھلاژی روہن بوپنا ہیں۔ ان کا مقابلہ ارجنٹائن کی جوڑی ایڈوارڈو شوانک اور ہوراسیو زیبایو سے تھا۔ اس میچ میں بھی اعصام الحق اور ان کے پارٹنر روہن بوپنا کو کامیابی حاصل ہوئی۔ مردوں کے ڈبلز میں اعصام اور روہن کو عالمی نمبر ایک جوڑی برائن برادرز کا سامنا ہے۔ اس طرح اعصام الحق دو ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

مکسڈ ڈبلز کا فائنل میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ مردوں کے ڈبلز کا فائنل میچ جمعہ کے روز شیڈیول ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اعصام الحق کو دونوں میچوں میں اپنے ساتھیوں کویٹا پیشکے اور روہن بوپنا کے ساتھ سخت محنت اور بھرپور تال میل کی ضرورت ہو گی۔ فائنل میں ان کی حریف ٹیموں کے کھلاڑی بہت مہارت کے حامل ہے۔

خواتین کے تیسرے کوارٹر فائنل میں روسی کھلاڑی ایوا زوناریوا نے ایسٹونیا کی کایا کانیپی کو آرام سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ فائنل میں زونوریوا کا مقابلہ ٹورنامنٹ کی پسندیدہ ترین کھلاڑی کیرولین ووصنیاکی سے ہو گا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ڈنمارک کی ووصنیاکی جس فارم کے ساتھ کھیل رہی ہیں وہ ان کی فائنل تک رسائی کا باعث بن سکنے کے علاوہ چیمپیئن شپ جیتنے میں بھی مددگار ہو سکتی ہے۔

ووصنیاکی کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ سلوواکیہ کی ڈومینیکا سیبُولکُووا سے ہوا۔ سیبُولکووا نے میچ کے دوران ووصنیاکی کی زوردار فارم کا مقابلہ کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ پہلا سیٹ ووصنیاکی سہولت سے جیت ضرور گئی تھیں لیکن دوسرے سیٹ میں سلوواکیہ کی کھلاڑی نے سخت مزاحمت کی اور ٹورنامنٹ کی فیورٹ کھلاڑی کے لئے مشکلات کھڑی کردیں مگر چھٹی گیم میں ان کی انرجی بکھر گئی اور وہ سیٹ کے ساتھ میچ بھی ہار گئیں۔ اس سیٹ میں شائقین کو لمبی ریلیاں بھی دیکھنے کو ملیں۔

مردوں کے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں سیربیا کے نوواک جوکووچ نے فرانسیسی سیاہ فام کھلاڑی گائل مُونفل کو تین سیٹ میں ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں