1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یو ایس اوپن: اعصام الحق کا خواب سفر ختم

10 ستمبر 2010

یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں امریکی کھلاڑیوں کی جوڑی باب برائن اور لیزل ہوبر نے اعصام الحق اور چیک جمہوریہ کی کھلاڑی کویٹا پیشکے کو چھ چار اور چھ چار سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/P8eu
اعصام الحق اور ان کے ساتھی روہن بوپنا نے مردوں کے ڈبلز کا فائنل ابھی کھیلنا ہےتصویر: AP

امریکی شہر نیویارک کے نواح میں واقع فلشنگ میڈوز میں قائم وسیع وعریض ٹینس کمپلیکس میں جمعرات کو مکسڈ ڈبلز کا فائنل کھیلا گیا۔ پاکستان کے اعصام الحق اور ان کی چیک جمہوریہ کی پارٹنر کویٹا پیشکے پہلا سیٹ ہار گئے۔ ان کو دنیا کی بہترین جوڑی کا سامنا تھا۔ مکسڈ ڈبلز میں اعصام اورکویٹا کے مد مقابل امریکی کھلاڑی باب برائن اور لیزل ہوبر تھے۔

ٹورنامنٹ میں امریکی کھلاڑیوں کی جوڑی مکسڈ ڈبلز میں فیورٹ خیال کی جا رہے تھی۔ اعصام الحق کی جوڑی نے دوسرے سیٹ میں تین تین گیمز تک میچ برابر رکھا لیکن اس کے بعد باب برائن اور لیزل ہوبر نے میچ پر گرفت ایک مرتبہ پھر مضبوط کر لی اور دوسرا سیٹ جیت کر مکسڈ ڈبلز کا فائنل جیت لیا۔ اس فائنل کے ساتھ ہی پاکستان کے اعصام الحق کا شاندار سفر اپنی منزل کو پہنچ گیا۔

Aisam-Ul-Haq Qureshi Tennis Pakistan
اعصام الحق پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جو یو ایس اوپن میں کسی بھی ڈسپلن کے فائنل میں پہنچے ہوںتصویر: AP

اعصام الحق ضرور یہ فائنل میچ ہار گئے ہیں لیکن کسی پاکستانی کا کسی بھی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے کسی بھی ڈسپلن میں فائنل کھیلنا یقینی طور پر اس سے پہلے ناممکنات میں سے ایک سمجھا جاتا تھا لیکن اعصام نے یہ ممکن کردیا۔

پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے ابھی مردوں کا ڈبلز فائنل کھیلنا ہے۔ اس میچ میں اعصام الحق اور روہن بوپنا کو باب برائن اوران کے بھائی مائیک برائن کا سامنا ہے۔ باب اور مائیک جڑواں بھائی ہیں اور ان کے درمیان تال میل اور انڈر سٹینڈنگ کا لیول دوسری جوڑیاں سے زیادہ خیال کیا جاتا ہے۔ مردوں کے ڈبلز میں ان کی جوڑی نہ صرف عالمی سطح پر بہترین خیال کی جاتی ہے بلکہ ان کی رینکنگ بھی ایک ہے۔ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے منتظمین کی جانب سے جاری کردہ درجہ بندی میں اعصام اور روہن کا نمبر سولہواں ہے۔

مردوں کے دوسرے کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے جس اندار میں سویڈش کھلاڑی رابن سادرلنگ کو شکست دی وہ ایک طرح سے دوسرے کھلاڑیوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بھی ہو سکتی ہے۔ اس بات پر ٹینس کے مبصرین متفق ہیں کہ راجر فیڈرر کی موجودہ فارم یقینی طور پر ان کو فائنل میچ تک لے کر جائے گی۔ دوسری جانب عالمی نمبر ایک ہسپانوی کھلاڑی رافاعیل ندال بھی بھرپور فارم میں ہیں۔ اس اعتبار سے سن 2010 ء کے یو ایس اوپن کا فائنل میچ اگر راجر فیڈرر اور رافاعیل نادال کے درمیان کھیلا گیا تو وہ یقینی طور پر تاریخی ہو سکتا ہے۔

یو ایس اوپن کے سلسلے میں خواتین کے سیمی فائنل دس ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ مردوں کے دو کوارٹر فائنل سے راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ اپنے اپنے میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ مردوں کے دو سیمی فائنل ہفتہ کے روز شیڈیول ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ