1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یہودی ووٹرز کو لبھانے کی کوشش ؟

24 جولائی 2008

سیاہ فام امریکی سینیٹر باراک اوبامہ نے اپنے دورہ اسرائیل پر کہا کہ وہ یہودی ریاست کی سلامتی اور اس کے قومی مفاد کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

https://p.dw.com/p/EijM
باراک اوبامہ اور شمون پیریزتصویر: AP

اسرائیل کے دورے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر باراک اوبامہ جرمنی پہنچ گئے ہیں۔ جرمنی پہنچنے سے قبل ڈیموکریٹ امریکی سینیٹر اور مضبوط صدارتی اُمیدوار باراک اوبامہ نے اسرائیل کے دورے کے دوران وہاں کے سرکردہ سیاسی رہنماٴوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ اوبامہ نے کہا کہ اگر وہ امریکہ کے صدر منتخب ہوجاتے ہیں تو اس صورت میں وہ امریکہ۔ اسرائیل تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

مضبوط صدارتی امیدوار باراک اوبامہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کے صدر منتخب ہونے کی صورت میں اسرائیل اور امریکہ کے باہمی رشتے مزید مضبوط اور گہرے ہوں گے۔ اپنے دورہ اسرائیل پر سیاہ فام امریکی سینیٹر نے کہا کہ ان کے انتظام میں اسرائیل کی سلامتی اور بہبود ان کی ترجیحات میں شامل رہیں گی۔ اوبامہ نے ان خیالات کا اظہار اسرائیلی صدر شیمون پیریتز کے ساتھ یروشلم میں ملاقات کے دوران کیا۔ دوسری جانب فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اوبامہ صدر بننے کی صورت میں مشرق وسطیٰ کے تنازعے کے حل کی جانب توجہ مبزول کرے۔ اوبامہ نے فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کے ساتھ بھی ملاقات کی۔