1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

10 ہزار ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کردی ہے، بن لادن

افسر اعوان9 مئی 2016

سعودی عرب کے بن لادن گروپ نے کہا ہے کہ اس نے اپنے 10 ہزار ملازمین کو کئی ماہ کی تاخیری اجرتیں ادا کرنا شروع کر دی ہیں۔ اس گروپ نے حال ہی میں کئی ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1IkbD
تصویر: picture alliance/Pacific Press Agency/D. Dudley

بن لادن کے چیف کمیونیکشنز آفیسر یاسین العطاس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے قریب 10 ہزار ملازمین کو تنخواہوں کو ادا کرنے کے لیے انتظامات کر لیے ہیں۔‘‘

العطاس کے مطابق یہ انتظام سعودی عرب کی لیبر منسٹری کی ہم آہنگی کے ساتھ کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی ’’ہمیں اپنے گاہکوں سے‘‘ رقوم ملنا شروع ہوں گی تو ’’ہم بقیہ ملازمین کے لیے بھی ایسے ہی انتظامات کریں گے۔‘‘ اے ایف پی کے مطابق گاہکوں سے مراد سعودی حکومت ہی ہے۔

ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو رواں برس مارچ میں بتایا تھا کہ حکومت کی طرف سے رقوم ملنے میں تاخیر کے باعث سعودی عرب کی کنسٹرکشن کی بڑی ترین کمپنیوں میں سے ایک بن لادن کو مشکلات میں ڈال دیا ہے اور وہ ملازموں کو تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہے۔ خیال رہے کہ سعودی حکومت بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہے۔

Saudi Arabien Mekka Kran Unfall
تصویر: picture-alliance/dpa/AA/O. Bilgin

سعودی بن لادن گروپ کو اُس وقت بھی شدید دھچکا لگا تھا جب گزشتہ برس ستمبر میں مکہ میں قائم مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مسجد الحرام میں ایک تعمیراتی کرین گرنے کے سبب درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سعودی حکومت نے بن لادن کو مزید سرکاری ٹھیکے دینے کا سلسلہ منقطع کر دیا تھا۔

اے ایف پی کے مطابق سعودی عرب کی ایک اور بڑی کنسٹرکشن کمپنی ’سعودی اوگر لمیٹڈ‘ کے اسٹاف نے بھی تنخواہیں نہ ملنے کی شکایت کی ہے۔

بن لادن گروپ کے چیف کمیونیکشنز آفیسر یاسین العطاس کے مطابق حکومت نے ان کی کمپنی سمیت دیگر کنسٹرکشن کمپنیوں کو رقوم کی ادائیگی کے وعدے کیے ہیں۔